فارغ بیٹھے گورنر توجہ حاصل کرنے کیلئے نفرت انگیز بیانات دے رہے ہیں، بیرسٹر سیف

پشاور (قدرت روزنامہ)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کو آڑے ہاتھوں لے لیا،وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے متعلق دیے گئے بیان کے ردعمل میں کہتے ہیں فارغ بیٹھے گورنر میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کے خلاف نفرت انگیز بیانات دے رہے ہیں، فارغ بیٹھےگورنر کی یاداشت بھی بہت کمزور ہے، صوبے میں لاقانونیت اس وقت عروج پر تھی جب وفاق اور یہاں آپ کی پارٹی کی حکومت تھی،آپ کےدور حکومت میں پشاور ٹو ڈی آئی خان سفر کرنا ممکن نہیں تھا .

انہوں نے مزید کہا کہ فارغ گورنر وہ دن بھول گئے جب وہ خود ڈی آئی خان سے پشاور کا سفربراستہ اسلام آباد کرتے تھے، گورنر عہدہ سنبھالنے کے بعد خیبر پختونخوا میں انوکھے بن بلائے مہمان بن چکے ہیں، گورنر بغیر دعوت تقریبات میں شرکت کرنے سے پہلے اپنا نہ سہی عہدے کا لحاظ تو رکھیں، فیصل کریم کنڈی 3بار علی امین گنڈاپور سمیت تینوں بھائیوں سے شکست کھاچکے ہیں .

یاد رہے کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مانسہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال انتہائی سنگین قرار دی تھی . انہوں نےکہا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے امن عامہ پر اسمبلی اجلاس اور بنوں واقعہ پر کابینہ اجلاس نہیں بلایا جا سکا، ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی اب تک ممکن نہیں ہو سکا .

گورنر کے پی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے ممبران اسمبلی کو صوبے کی مخدوش صورت حال پر آگاہی دینے میں ناکام ہے . صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس بنوں واقعے کے بعد بھی نہیں بلایا جا سکا .

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی سے چن چن کر بدلے لے رہے ہیں، اسد قیصر کو روزانہ چکر لگوانا بھی مولانا کی جیت ہے، جے یو آئی کی زیادہ تر نشستیں کے پی میں ہیں، ان کا مینڈیٹ پی ٹی آئی نے چوری کیا .

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی حکومت میں قیدیوں کےلیے جن مراعات کی بات کی انہیں وہی ملنی چاہیئں . جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے مذاکرات پر بیرسٹر گوہر ابتدا ہی میں منحرف ہوگئے .

گورنر کے پی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے مجھے دیے گئے ہتک عزت کے نوٹسز کی کوئی حیثیت نہیں، جس کی اپنی عزت نہیں ہے وہ ہتک عزت کا دعویٰ کیا کرے گا؟ وزیر اعلیٰ کے متعلق تو ابھی کتاب کا صرف ایک ہی چیپٹر کھولا ہے، چیلنج کرتا ہوں وزیر اعلیٰ اپنی پارٹی کی صوبے میں 10 سال کی کارکردگی پر مناظرہ کریں .

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے، گورنر راج کا نفاذ کرکے سیاسی یتیموں کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے .

. .

متعلقہ خبریں