اگست کے پہلے ہفتے کے دوران ملک بھر میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) محکمہ موسمیات نے یکم سے 6 اگست تک ملک بھرمیں شدید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق31 جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونگی، جس سےملک بھرمیں شدیدبارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ آزاد کشمیر ، پنجاب کے بیشتر مقامات، خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ اسلام آباد میں بھی موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔2 سے 5 اگست کے دوران مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، اسلام آباد اور راولپنڈی کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جب کہ بلوچستان کے برساتی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، وسطی و جنوبی پنجاب اور پشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے، جب کہ 4 اور 5 اگست کو سندھ کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آ سکتے ہیں۔اس کے علاوہ، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے، اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔