محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی
کراچی (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت بارشوں سے پیدا صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں نکاسی آب و دیگر ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اس موقع پر چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ بارش کا جاری اسپیل آج رات کو ٹوٹ جائے گا۔ 13 یا 14 اگست کو دوبارہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
اس موقع پر وزیر آبپاشی سندھ نے کہا کہ گڈو بیراج کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔ بلوچستان سے بارش کا پانی ابھی سندھ میں داخل نہیں ہوا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر حیدرآباد کو ہدایت کی کہ بھان سعیدآباد میں بارش کے پانی کی نکاسی کےلیے اقدامات کریں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جن شہروں میں پانی کے نکاس کےلیے مشینری چاہیے وہاں فوری بھیجیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے کہا کراچی کی انتظامیہ کو ڈی واٹرنگ مشینیں مہیا کر دی گئی ہیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں 207 نشیبی علاقے ہیں۔ انکے مطابق ضلع جنوبی میں 56، غربی 17، وسطی 22، ملیر 32، کورنگی 16، کیماڑی 26 اور شرقی میں 38 نشیبی علاقے ہیں۔
وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ شدید بارشوں کی صورت میں بلدیاتی ادارے متحرک رہیں گے۔