پرامن تحریک کیخلاف پریس کانفرنس ہمارے موقف کی تائید ہے، ہماری طاقت صرف بلوچ عوام ہے، بی وائی سی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ترجمان نے کہا کہ فوج کی بلوچ یکجہتی کمیٹی کے خلاف پریس کانفرنس اس بات کی واضح دلیل ہے کہ فوج بلوچ عوام کی طاقت اور پرامن جدوجہد سے خوفزدہ ہے۔ سیاسی اور انسانی حقوق کی تحریک کے خلاف فوج کا پریس کانفرنس کرنا بذات خود اعتراف ہے کہ براہِ راست بلوچ نسل کشی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو ن ملوث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا شروع دن سے یہی موقف رہا ہے کہ ریاستی فوج اور خفیہ ادارے براہِ راست بلوچ نسل کشی کر رہے ہیں اور بلوچستان میں بدترین انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہیں۔ آج جب ہزاروں کی تعداد میں لوگ بلوچ نسل کشی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور بلوچ نسل کشی کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، تو ریاست بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بند کرنے اور بلوچ نسل کشی ختم کرنے کے بجائے ریاست کی فوج پرامن سیاسی تحریک کے خلاف پریس کانفرنس کر رہی ہے، جو ہمارے موقف کی تائید اور اعترافِ جرم ہے۔ ہم فوج کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ کسی بھی غیر جانبدار تیسری پارٹی یا انسانی حقوق کی تنظیم کے ذریعے ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کریں، جو ریاستی فوج کی بلوچ یکجہتی کمیٹی پر لگائے گئے الزامات کی غیر جانبدارانہ طریقے سے تحقیقات کرے۔ اگر آپ کے لگائے گئے الزامات میں سے کسی ایک بھی الزام ثابت ہوا تو ہم پاکستان سمیت دنیا کی کسی بھی عدالت میں خود کو پیش کریں گے۔ لیکن اگر الزامات ثابت نہیں ہوئے تو پاکستانی فوج بلوچ نسل کشی کا اعتراف کرکے خود کو سزا کے لیے پیش کرے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ریاستی فوج کی ایک عوامی سیاسی تحریک کے خلاف پریس کانفرنس بلوچ یکجہتی کمیٹی سمیت اس خطے کے تمام مظلوم اقوام کی تحریکوں کے اس موقف کی تائید کرتی ہے کہ پاکستان میں جمہوریت، آئین اور قانون وجود نہیں رکھتے بلکہ یہاں شروع دن سے فوج کی حکمرانی میں بدترین آمریت اور فاشزم قائم ہے۔ پاکستانی فوج کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ اس خطے میں کسی بھی حقیقی سیاسی تحریک کو دبانے کے لیے اسے بیرونی ایجنٹ، بیرونی فنڈڈ اور غدار جیسے اصطلاحات سے خاموش کیا جائے اور دبایا جائے۔ لیکن فوج اس بات کو سمجھنے سے قاصر ہے کہ یہ 1970ء نہیں ہے کہ آپ کے جھوٹے پروپیگنڈے اور دروغ گوئی سے آپ عوام اور بین الاقوامی دنیا کو فریب میں رکھ سکتے ہیں۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی بلوچ نسل کشی کے خلاف تحریک خالصتاً پرامن عوامی سیاسی تحریک ہے جسے پورے بلوچستان میں بھرپور عوامی حمایت، قوت اور طاقت حاصل ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی یہی عوامی طاقت، قوت اور پرامن جدوجہد ریاست سے ہضم نہیں ہو رہی ہے۔ اس لیے ایک جانب پوری طاقت کو استعمال کرکے اس عوامی جدوجہد کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور دوسری جانب فوجی پریس کانفرنس کے ذریعے جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ ریاست پاکستان بلوچستان میں کبھی بھی پرامن سیاسی جدوجہد کو برداشت نہیں کرتی بلکہ وہ گزشتہ ستر سالوں سے جس طرح بندوق کے زور پر حکمرانی کرتی آئی ہے، اسی طرح طاقت اور تشدد کے زور پر اپنی حکمرانی کو برقرار رکھنا چاہتی ہے۔کیونکہ عوامی سیاسی جدوجہد کے ذریعے بلوچستان کے بدترین حالات، جبراور بندوق کی حکمرانی اور بلوچ نسل کشی پوری دنیا کے سامنے عیاں ہوجائے گی ۔ ہم ریاست اور اس کی فوج کو واضح کرنا چاہتے ہیں کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی نہ آپ کی جھوٹی پریس کانفرنس سے اپنی عوامی جدوجہد سے پیچھے ہٹے گی اور نہ کسی دباؤ میں آئے گی۔ ہم بلوچ نسل کشی کے خلاف اپنی جدوجہد کو مزید منظم اور تیز کریں گے اور عوامی طاقت کے زور پر بلوچ سرزمین سے بلوچ نسل کشی کا خاتمہ کریں گے۔ بیرونی پراکسی ہونا یا بیرونی فنڈڈ ہونا ہمارے سیاسی روایات کا حصہ نہیں ہے، ہماری جدوجہد اصول اور نظریے پر قائم ہے اور قائم رہے گی، اور ہماری طاقت صرف بلوچ عوام ہے۔ جبکہ یہ بات پوری دنیا کو معلوم ہے کہ بیرونی فنڈڈ ہونا اور بیرونی پراکسی آپ کی روایات کا حصہ ہے۔

Recent Posts

ریشبھ پنت کے ساتھ تعلقات کی افواہوں پر اروشی روٹیلا میدان میں آگئیں

ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ اداکارہ اروشی روٹیلا نے بھارتی کرکٹر ریشبھ پنت کے ساتھ تعلقات…

3 hours ago

آئی ایم ایف سے مذاکرات کے دوران چین کا مسلسل تعاون قابل تحسین ہے، وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے…

4 hours ago

گورنر پنجاب کے بیان پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کاردعمل آ گیا

لاہور ( قدرت روزنامہ ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گورنر پنجاب کے بیان…

4 hours ago

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس 2024 کی کابینہ سے منظوری کا امکان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی کابینہ سے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس 2024 کی…

4 hours ago

اعظم تارڑ اور بلاول بھٹو کو بھی آئینی ترامیم کے مسودے کا کچھ پتا نہیں ہے، عمر ایوب

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)…

4 hours ago

مخصوص نشستیں: الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں ہوسکتا، اسپیکر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا…

5 hours ago