ملک بھر میں مزید موسلادھار بارش کا امکان، کراچی میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ملک کے مختلف علاقوں میں آج مزید موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج شام کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
اس کے علاوہ لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں رات سے بارش کا آغاز ہوا جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، بالائی خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں آج مزید موسلادھار بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں آج شام یا رات میں جیکب آباد، دادو، جامشورو اور کرا چی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب بارشوں کے باعث سندھ کے اکثر علاقوں میں سیلابی صورتِ حال برقرار ہے، سینکڑوں دیہات زیر آب گئے جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔
سانگھڑ کی تحصیل ٹنڈو آدم میں 50 سے زائد دیہات سیلاب سے متاثر ہونے کے بعد مکین اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی پر مجبور ہیں۔نوشہرو فیروز میں پوائنٹ بکھری کے مقام پر دریائے سندھ میں سیلابی ریلا ٹکرانے کے بعد بچاؤ بند پر دو روز قبل شگاف پڑنے سے مزید 10 گاؤں اور فصلیں زیرِ آب آگئیں جبکہ پشتوں کی مرمت کا کام جاری ہے۔
سکھر میں 98 فیصد علاقوں سے برساتی پانی کا نکاس مکمل کرلیا گیا، سکھر اسٹیشن، کچی آبادی گول ٹکری اور بے نظیر کالونی سے بھی پانی کے نکاسی کا عمل جاری ہے، نکاس آب کا کام آج مکمل ہونے کا امکان ہے۔