حکومت نے مہنگی پٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم کرنے کی کوششیں شروع کر دیں

کراچی(قدرت روزنامہ) حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل اور ایل این جی کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر تیل و گیس کی تلاش میں سرگرم مقامی کمپنیوں کو توانائی کی پیداوار میں اضافے کی ہدایات کی ہیں . تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں خام تیل و ایل این جی کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بعد حکومت نے مقامی طور پر تیل،گیس اور ایل پی جی کی پیداوار میں اضافے کی حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ در آمدات پر انحصار کم کرکے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ بچایا جاسکے بلکہ توانائی کی ملکی ضروریات کے بڑے حصہ کو مقامی وسائل سے پورا کیا جاسکے .

ذرائع کے مطابق اس ضمن میں حکومت نے تیل و گیس تلاش کرنے والی مقامی کمپنیوں کو رواں مالی سال میں تیل،گیس اور ایل پی جی کی پیداوار میں اضافے کی ہدایات کی ہیں،بتایا جاتا ہے کہ مقامی کمپنیوں کو رواں مالی سال کے دوران دو کروڑ90 لاکھ بیرل خام تیل، 1.47 ٹریلین کیوبک فیٹ گیس اور 9 لاکھ 17 ہزار 717 ٹن ایل پی جی کی پیداوار حاصل کرنے کے اہداف دیے گئے ہیں . واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال مقامی کمپنیوں نے دو کروڑ70لاکھ بیرل خام تیل، 1.27 ٹریلین کیوبک فیٹ گیس اور 7لاکھ64ہزار ٹ سے زائد ایل پی جی کی پیداوار حاصل کی تھی . رواں مالی سال اور مستقبل قریب میں ملک میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے مزید بجلی گھروں کی تنصیب بھی متوقع ہے ،اس وقت ملک میں کوئلہ کی پیداوار 38 لاکھ ٹن ہے جبکہ رواں مالی سال یہ پیداوار بڑھ کر 69 لاکھ ٹن تک پہنچنے کے امکانات ہیں،ملک میں اس وقت لگ بھگ5لاکھ ٹن ایل پی جی در آمد کی جارہی ہے جس کا حجم سال2021-22میں بڑھ کر 6لاکھ ٹن کے لگ بھگ پہنچنے کے امکانات ہیں . . .

متعلقہ خبریں