راولپنڈی(قدرت روزنامہ) گورنمنٹ ہیڈ کوارٹر میں یوم دفاع و شہدا کی پُروقار تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ہے .
جی ایچ کیو میں وزیراعظم کو آمد پر سلامی پیش کی گئی جبکہ آرمی چیف نے اُن کا استقبال کیا، پھر شہباز شریف نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھرلوں کی چادر چڑھا کر دعا کی .
تقریب میں وفاقی کابینہ کے اراکین، اعلیٰ سول و عسکری قیادت، شہدا کے اہل خانہ بھی شریک ہوئے .
تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ چلایا گیا جس کے احترام میں سب اپنی نشستوں پر کھڑے ہوئے اور یک زبان ہوکر ترانہ پڑھا . پھر لیفٹیننٹ کرنل حافظ رشید احمد نے تلاوت کلام پاک سے سماعتوں کو معطر کیا .
تقریب میں میزبانی کے فرائض لیفٹیننٹ کرنل عمیر بنگش اور کیپٹن عائشہ شوکت خان نے انجام دیے، آغاز پر دونوں میزبانوں نے لہو گرما دینے والی ایک نظم پیش کی جس میں دشمن کو پیغام دیا گیا تھا کہ وہ ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جسارت نہ کرے .
دونوں میزبانوں نے یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں شرکت پر وزیراعظم اور آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا . شرکا سے گفتگو میں دونوں میزبانوں نے کہا کہ 6 ستمبر محض ایک دن نہیں اور نہ ہی 1965 کے 6 ستمبر کو قلم کی روشنی سے لکھا جاسکتا ہے .
شہید کی ڈائری
تقریب میں شہدا کے آخری خطوط اور لمحات کے حوالے سے ’شہید کی ڈائری‘ کے نام سے ویڈیو چلائی گئی جس میں شہدا کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا .
ویڈیو میں کپٹن کرنل شیر خان شہید، کیپٹن جنید خان شہید (تاریخ شہادت گیارہ مئی 2009)، کیپٹن عزیز محمود (تاریخ شہادت 11 اگست 2024)، سمیت دیگر کے خطوط کو بھی پڑھ کر سنایا گیا .
اس کے علاوہ کیپٹن محمد کاشف شہید کے والد نے اپنے بیٹے کا آخری پیغام پڑھ کر سنایا جبکہ سپاہی ثوبان شہید، عابد حسین شہید، لیفٹیننٹ جہانگیر مری شہید، سپاہی وقاص علی شہید سمیت دیگر کے خطوط اور والدین کی جذباتی گفتگو کو بھی پیش کیا گیا . اس موقع پر پنڈال میں بیٹھے ہر شخص جذباتی کیفیت میں ڈوب گیا جبکہ اُس کی آنکھیں اشکبار تھیں .
شہدا کے اہل خانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اُن کے پیاروں کی شہادتیں اُن کے لیے فخر کا باعث ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ انشاء اللہ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی جبکہ فتنہ الخوارج سمیت ملک کے تمام دشمنوں کو شکست فاش اور فتح پاک فوج و پاکستان کی ہوگی .
. .