اسلام کسی کو بے جا قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا، علما کرام و مشائخ عظام نے دہشتگردوں کا بیانیہ مسترد کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک بھر کے معروف علما کرام اور مشائخ عظام نے ملک میں انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کسی کو بے جا قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں علما کرام و مشائخ عظام کے وفد نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، اس کے علاوہ محسن نقوی سے دیگر مذاہب کے رہنما بھی ملے۔
ملاقات کے بعد متفقہ اعلامیہ کی منظوری دی گئی، علما کرام و مشائخ عظام نے ملک میں انتہا پسندوں اوردہشت گردوں کے بیانیہ کو یکسر مسترد کردیا۔
اعلامیہ میں کہاگیا کہ اسلام دین امن ہے جو احترام انسانیت اور تشدد سے پاک معاشرہ کا درس دیتا ہے۔ موجودہ ملکی حالات میں بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اعلامیہ کے مطابق کسی کو بے جا قتل کرنے کی اسلام قطعاً اجازت نہیں دیتا۔ وطن عزیز پاکستان کے لیے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پوری قوم اپنی بہادر اور نڈر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ اسلام اقلیتوں، خواتین اور بچوں کے حقوق کا ضامن ہے۔
ہمیں جس آگ میں دھکیلا جارہا ہے، اس سے نکلنا ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے علما کرام اور دیگر مذاہب کے رہنماؤں سے مشاورت کا آغاز کیا گیا ہے، میں اور وفاقی وزیر مذہبی امور سالک حسین اس قومی مشن کو آگے لے کر چلیں گے۔
انہوں نے کہاکہ سب سے پہلے ہم سب پاکستانی ہیں اور سب سے پہلے پاکستان ہے، ہمیں جس آگ میں دھکیلا جارہا ہے، ہم نے اس سے نکلنا ہے، علما کرام اور دیگر رہنماؤں کی مدد سے ہی ہم اس آگ سے نکل سکتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ہم سب کو بحیثیت قوم اکٹھا ہونا ہوگا، لوگوں کو ورغلا کر دہشتگردی میں ملوث کرنے والے عناصر کا راستہ روکنا ہوگا، ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والا شخص یا تنظیم دہشتگرد ہے، ہمارا دین بھی اور آئین بھی واضح طورپر کہتا ہے کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانےوالا دہشتگرد ہے۔
انہوں نے کہاکہ کسی کو کسی بھی طور قتل کرنے کی اسلام اور ہمارے ملک کے قانون میں قطعاً اجازت نہیں۔ ہم نے ملک کی خاطر دہشتگردی کی لعنت کے خلاف متحد ہونا ہے، ہم یکجہتی اور اتحاد کا پیغام دیں گے تو اس کا اثر بہت زیادہ ہو گا اور مضبوط پیغام جائے گا۔
دہشتگردوں کے پاس موقع ہے کہ ہتھیار ڈال دیں‘
محسن نقوی نے کہاکہ 6 ستمبر کے حوالے سے ہم آج بھی ان لوگوں کو موقع دے رہے ہیں کہ وہ ریاست کے سامنے ہتھیار ڈال دیں، آج بھی کہتے ہیں کہ ریاست کو مانیں۔ آئین کو مانیں اور قانون کو مانیں، آج بھی ان کے پاس موقع ہے، ہم ہر صوبے میں جائیں گے، وزرائے اعلیٰ اور علما سے ملیں گے۔
انہوں نے کہاکہ صدر مملکت اور وزیراعظم بھی اس مقصد کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، ہمیں اسلام کے نام کا غلط استعمال بند کرانا ہے، دین کے اصل رہنما علما کرام اور مشائخ عظام ہیں نہ کہ وہ لوگ جو ریاست کے خلاف بندوق اٹھا کر پھر رہے ہیں۔
ہم نے مل کر نئی نسل کو بارود اور آگ کے کھیل سے بچانا ہے، وزیر مذہبی امور چوہدری سالک
وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہاکہ ہم نے مل کر نئی نسل کو بارود اور آگ کے کھیل سے بچانا ہے، نئی نسل کو محفوظ مستقبل دینے کے لیے حکومت، اداروں اور علما کرام نے مل کر کام کرنا ہے۔ پاکستان کے لیے سب کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہر پاکستانی کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ علما کرام اور مشائخ عظام لوگوں کی اصلاح کریں اور ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے خلاف آواز بلند کریں۔

Recent Posts

دی گارجین کا ایکس پر اب کوئی پوسٹ نہ کرنے کا فیصلہ، مگر کیوں؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مؤقر برطانوی جریدے دی گارجین نے ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ…

4 mins ago

’لگتا ہے فخر زمان کو ایک اور نوٹس آئے گا‘، حارث رؤف نے یہ بات کیوں کہی؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر فخر زمان بابر اعظم کے حق…

12 mins ago

کراچی، ڈیفنس میں سینیئر وکیل پر مسلح افراد کا حملہ

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کھڈا مارکیٹ میں جھگڑے کے دوران تشدد سے…

20 mins ago

عمرے کی ادائیگی سے واپسی پر خاتون 20 تولہ سونا چوری کے الزام میں گرفتار

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کراچی میں ایک خاتون نے مبینہ طور پر پڑوسی کا 20 تولہ…

38 mins ago

بہترین پلیئنگ الیون تشکیل دینے کیلئے اچھے کھلاڑی تلاش کر رہے ہیں، محمد رضوان کی پریس کانفرنس

برسبین(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ بہترین پلیئنگ الیون…

7 hours ago

ڈاکٹر یاسمین راشد سے رہائی کے بدلے کیا مطالبہ کیا گیا؟ صنم جاوید کا سنسنی خیز انکشاف

لاہور (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق…

8 hours ago