اسلام آباد ( قدرت روزنامہ ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا انفورسمنٹ سسٹم بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے .
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ایف بی آر ٹرانفارمیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی .
دوران بریفنگ کہا گیا کہ ایف بی آر پلان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال، ٹیکس وصولی کو بہتر بنانے کیلئے ایمانداری کے ساتھ کارکردگی دکھانے والے افسران اور عملے کی حوصلہ افزائی اور ٹیکس قوانین کے نفاذ کو بہتر بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی شامل ہے .
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ یہ پروگرام ایف بی آر کے افسران اور ماہرین نے چیئرمین کے ساتھ ملکر گزشتہ چالیس دن میں مرتب کیا ہے .
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اہم معاشی اصلاحات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے .
انہوں نے کہا کہ محصولات میں بہتری سے عوام کو سروسز کی فراہمی اور سوشل سیکٹر میں بہتری آئے گی، ایف بی آر کا انفورسمنٹ کا نظام بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، ایف بی آر کے انفورسمنٹ سسٹم کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے .
شہبازشریف نے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اچھے ٹیکس دہندگان کو دعوت دیں اور ایف بی آر ٹرانفارمیشن پلان پر ان سے مشاورت کر کے تجاویز لی جائیں .
انہوں نے ایف بی آر ٹرانفارمیشن پلان کے حوالے سے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت کی بھی ہدایت کی اور ایف بی آر کو ان تجاویز پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ سرکاری محکموں کے ساتھ مل کر تفصیلی تبدیلیوں کی منظوری حاصل کرنے کا بھی کہا .
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نجی شعبہ کا فروغ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، فعال اور خوشحال نجی شعبہ ملکی معیشت کے لئے انتہائی ضروری ہے .
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کے تمام منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی تاکید کی اور سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات تیز تر کرنے کی بھی ہدایت کی .