لاہور (قدرت روزنامہ)حکومت پنجاب نے سنگین سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبہ کے 5 اضلاع میانوالی، فیصل آباد، بہاولپور، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے . پنجاب کے ان 5 اضلاع میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے .
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق میانوالی میں یکم سے 7 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جبکہ یکم سے 3 اکتوبر تک پاکستان رینجرز پنجاب کی 2 کمپنیاں بھی میانوالی میں سیکیورٹی ڈیوٹیز سر انجام دیں گی . اسی طرح متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی درخواست پر فیصل آباد، بہاولپور، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 2 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے . ان 4 اضلاع میں بدھ 2 اکتوبر سے جمعرات 3 اکتوبر تک ہر قسم کے سیاسی اجتماعات پر پابندی ہو گی .
میانوالی، فیصل آباد، بہاولپور، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دفعہ 144 کا نفاذ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر کیا گیا ہے .
نوٹیفیکیشن کے مطابق امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی جبکہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے .
محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں اور عوامی آگاہی کیلئے انکی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت کی گئی ہے .