’پاکستانی اشرافیہ کی ذہنیت کھل کر سامنے آگئی‘، زینب عباس اور عامر سہیل تنقید کی زد میں کیوں؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز جاری ہے جس میں سابق ٹیسٹ کپتان عامر سہیل اور ناصر حسین کمنٹیٹر جبکہ زینب عباس پریزینٹر کے فرائض سر انجام دے رہی ہیں . کمنٹری کرتے ہوئے ان کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں ناصر حسین تیز دھوپ سے بچنے کے لیے خود چھتری پکڑ کر بیٹھے ہوئے ہیں جبکہ عامر سہیل اور زینب عباس کی چھتری ہیلپرز نے اٹھائی ہوئی ہے .

یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر تنقیدی تبصرے شروع ہو گئے . ایک صارف نے لکھا کہ یہ شرم کا مقام ہے کہ ایک برطانوی شخص ناصر حسین اپنی چھتری خود پکڑ سکتا ہے لیکن ان دو پاکستانیوں (عامر سہیل اور زینب عباس) کو مدد کی ضرورت ہے . زبیر احمد خان نے طنزاً لکھا کہ ایک غیر ملکی اپنی چھتری خود تھامے ہوئے ہے جبکہ ہمارے لوگ خود کو اتنا برتر سمجھتے ہیں کہ کوئی دوسرا شخص بادشاہ (عامر سہیل) اور ملکہ (زینب عباس) کی چھتری پکڑے کھڑا ہے . مومن شیخ لکھتے ہیں ایک تصویر میں پاکستانی اشرافیہ کی ذہنیت کھل کر سامنے آ گئی ہے کیونکہ پاکستانی اپنی چھتری پکڑنے سے بھی قاصر نظر آتے ہیں . زین جلالی نے زینب عباس اور عامر سہیل کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اگر ناصر حسین اپنی چھتری خود پکڑ سکتے ہیں تو آپ کو ایسا کرنے سے کس چیز نے روکا ہے، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر ملتان میں اتنی گرمی تھی تو اوپن ایئر ایکسپرٹ باکس کس نے اور کیوں بنایا ہے . واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں تیسرے دن کا کھیل جاری ہے اور انگلینڈ کے 3 کھلاڑی نصف سینچریاں مکمل کرچکے ہیں . 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ ملتان میں کھیلا جا رہا ہے جس کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 556 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی . . .

متعلقہ خبریں