کے پی میں امن کیلیے گرینڈ جرگہ، وفاقی و صوبائی حکومتیں ایک پلیٹ فارم پر


پشاور(قدرت روزنامہ) خیبرپختونخوا میں امن کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتیں اور سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوگئیں، وزیراعلیٰ کی دعوت پر سی ایم ہاؤس میں گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں وزیر داخلہ، گورنر سمیت صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی میزبانی میں گرینڈ جرگہ وزیراعلی ہاؤس میں جاری ہے جس میں وفاقی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے بھی شرکت کی۔ جرگے میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین خیبر پختونخوا اسمبلی اور دیگر پارلیمنٹیرینز نے شرکت کی جب کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی جرگے میں اپنی اپنی جماعتوں کی نمائندگی کی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے شرکت کے لیے چیئرمین بیرسٹر گوہر بھی پہنچ چکے ہیں۔
جرگے میں شریک نمایاں سیاسی شخصیات میں ایمل ولی خان، پروفیسر ابراہیم، محسن داوڑ، میاں افتخار حسین، محمد علی شاہ باچا، سکندر شیرپاؤ، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور دیگر شریک ہیں۔
پشتون روایات کے مطابق آج جرگہ منعقد کیا ہے، تمام قائدین کی تجاویز کا احترام کیا جائے گا، وزیراعلی کے پی
جرگے سے افتتاحی خطاب میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میری دعوت پر جرگے میں شرکت کرنے پر تمام پارلیمنٹیرینز اور سیاسی قائدین کا مشکور ہوں، اس جرگے کی قیادت کے لئے مجھ پر اعتماد کرنے پر بھی میں تمام پارلیمنٹیرینز اور سیاسی قائدین کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آج ہم سب سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر صوبے میں امن کے لئے یہاں جمع ہوئے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شہری چاہے ان کا تعلق عام عوام سے ہو یا فورسز سے انکی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری اور ترجیح ہے، مجھے امید ہے کہ اس جرگے کے ذریعے ہم درپیش مسئلے کے پر امن حل کے لئے راستہ نکالنے میں کامیاب ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی مسئلے کا حل تصادم یا تشدد نہیں بلکہ مذاکرات ہی سے ممکن ہے، اس مقصد کے لئے ہم نے پشتون روایات کے مطابق آج یہ جرگہ منعقد کیا ہے، جرگے میں شریک تمام سیاسی قائدین کی آراء اور تجاویز کا بھر پور احترام کیا جائے گا۔
ہمیں سب کو مذاکرات پر آمادہ کرنا اور مسئلے کا حل نکالنا ہے، گورنر کے پی
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ کا امن ہماری ترجیحات اور آج کے جرگہ کا اکلوتا ایجنڈا ہے، جرگے کے انعقاد پر صوبائی حکومت کا شکر گزار ہوں، اختلافات کے باوجود صوبے کے امن کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس خطے میں افغانستان کا مسئلہ ہمارے سامنے ہے جہاں عالمی برادری مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کے حل پر متفق ہوئی، ہم نے سب کو مذاکرات پر آمادہ کرنا اور مسئلے کا حل نکالنا ہے، جو لوگ اس ملک کے آئین اور قانون کو تسلیم کرتے ہیں ان سے مذاکرات کرنے چاہییں، کچھ مطالبات صوبائی حکومت سے ہوں گے کچھ وفاقی حکومت کے ہوں گے، جرگے میں وزیر اعلی بھی بیٹھے ہیں وزیر داخلہ بھی اور سیاسی قیادت بھی موجود ہے، صوبہ کے متعدد علاقے آج بھی نوگو ایریاز ہیں ہم سب کو متحد ہوکر اس صوبہ کو امن دینا ہوگا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہم امن کے قیام کے لیے تعاون کے لیے تیار ہیں، آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے امن کے لیے آگے بڑھیں گے۔
بعدازاں جرگہ منعقد ہوا جس میں قائدین نے خطابات کیے اور تجاویز پیش کیں۔
ترجمان صوبائی حکومت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں جرگہ منعقد ہوا جس میں تمام سیاسی پارٹیوں کے سربراہان اور نمائندہ گان نے شرکت کی، صوبائی اسمبلی بشمول تمام سیاسی پارٹیوں نے وزیراعلی خیبر پختونخوا کو جرگہ کے لیے اختیار مند کردیا۔
ترجمان کے مطابق جرگہ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو افہام و تفہیم سے معاملے کو حل کرنے کے لیے جرگہ کرنے کی ذمہ داری دی، وزیراعلیٰ نے جرگے کی طرف سے دئیے گئے اختیار کو بشکریہ قبول کرتے ہوئے ذمہ داری قبول کی، معاملے کے حل کے لیے مشاورت اور لائحہ عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔

Recent Posts

آرٹیکل 63 اے پر نظرثانی کی 27ماہ بعد سماعت ہوئی جلد بازی کا الزام غلط ہے، تحریری فیصلہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے کے تحریری فیصلے میں کہا ہے…

28 mins ago

پانچ آئی پی پیز نے بارش کے پہلے قطرے کی مانند عوامی ریلیف کا آغاز کردیا، وزیراعظم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانچ آئی پی پیز…

41 mins ago

شادی کے بعد شوہر نے کام سے روکا، سعدیہ امام کا ایک دہائی بعد اعتراف

لاہور (قدرت روزنامہ)سینیئر اداکارہ و ٹی وی میزبان سعدیہ امام نے شادی کے 12 سال…

1 hour ago

سنجے دت نے دل بہلانے کی خاطر اپنی ہی بیوی سے دوبارہ شادی کرلی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بولی وڈ ’بابا‘ کہلانے والے اداکار سنجے دت نے 65 سال کی…

1 hour ago

ماضی میں ریما خان سے شادی کی خواہش کے سوال پر شان شاہد کی وضاحت

لاہور (قدرت روزنامہ)مقبول فلمی ہیرو شان شاہد نے ماضی میں ساتھی اداکارہ ریما خان سے…

2 hours ago

فیکٹ چیک: بیرسٹر سیف کو عہدے سے نہیں ہٹایا گیا، سوشل میڈیا پر وائرل نوٹیفکیشن فرضی قرار

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد سیف کو عہدے سے نہیں ہٹایا گیا…

2 hours ago