لاہور(قدرت روزنامہ )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مہاجر پرندوں (Migrant Birds)کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مہاجر پرندے قدرت کا انمول تحفہ ہیں . دور دیسوں سے آنے والے مہاجر پرندے فطرت کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں .
مہاجر پرندے ماحولیات کے توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں .
وزیر اعلیٰ مریم نوازنے کہا کہ مہاجر پرندے ہماری زمینوں کی زرخیزی میں مددگار ثابت ہوتے ہیں . مہاجر پرندوں کی حفاظت کے لئے قدرتی ماحول کا تحفظ ضروری ہے . قدرتی اور قیمتی اثاثہ کی حفاظت کے لئے پنجاب میں وائلڈ لائف فورس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے . غیر قانونی شکار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے .
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت مہاجر پرندوں کے محفوظ مسکن اور جنگلات کی بقاء کے لیے ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے . جنگلی حیات کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ماحول دوست اقدامات کررہے ہیں . ذمہ دار شہری بن کر ہمیں مہاجر پرندوں اور دیگر جنگلی حیات کی بقاء کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے . پرندے فطرت کا حسین ورثہ ہیں، حفاظت ہم سب کا فرض ہے .
. .