آئینی ترمیم، پی ٹی آئی نے اپنے ارکان اسمبلی محفوظ مقام پر منتقل کردیے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہ ہے پی ٹی آئی آئینی ترمیم کے لیے ووٹ نہیں دے گی، جو ترمیم لارہے ہیں انہوں نے ہی دو تہائی اکثریت شو کرنی ہے، ہم نے اپنے اراکین اسمبلی کو عمران خان کی ہدایت پر محفوظ مقام پر پہنچا دیا تھا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پی ٹی آئی ممبران کے ساتھ جو معاملات ہورہے ہیں، اغوا، زود و کوب، کاروبار جس طریقے سے بند کرتے رہے، ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے عمران خان نے ڈیڑھ ماہ قبل ہی پی ٹی آئی ارکان اسمبلی اور سینیٹر کو محفوظ رکھنے کا کہا تھا، جس پر ہم نے انہیں محفوظ جگہ پر پہنچا دیا تھا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پارٹی نے صرف 5 سے 7 ارکان کو نامزد کیا ہے جو اسمبلیوں میں پی ٹی آئی کی نمائندگی کریں گے، ظاہر ہے ہاؤس کو خالی تو نہیں چھوڑ سکتے، ہمارے ارکان پارلیمان میں موجود رہیں گے، اگر ایم این ایز کو زبردستی، ڈرا کے یا خریدو فروخت سے لایا گیا ہوگا تو کچھ تو سامنے آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے 2 سینیٹرز ڈاکٹر زرقا اور فیصل سلیم حکومت کی کسٹڈی میں ہیں، ہم نے مولانا فضل الرحمان کے سامنے بھی یہ معاملہ اٹھایا ہے کہ ہمارے بندے بٹھائے ہوئے ہیں، چاہے زبردسی بٹھائے ہیں یا خریدو فروخت سے، دوسری طرف آپ یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ آپ پی ٹی آئی کو آن بورڈ لینے کی کوشش کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف بیان دے رہے ہیں کہ ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں، خواجہ آصف کچھ شرم کریں، نمبرز کیسے پورے ہیں ان کے پاس، انہوں نے نمبرز کیسے پورے کیے ہیں، تمام اتحادیوں کو ملا کر بھی آپ کے نمبرز پورے نہیں ہوتے۔
تحریک انصاف اپنے ارکان پارلیمنٹ کو اسمبلی میں کیوں نہیں جانے دے رہی، کیا اسے خدشہ ہے کہ پی ٹی آئی ارکان حکومت کا ساتھ دیں گے؟ اس سوال کے جواب میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہمارے ارکان اپنے ایمان کی طاقت سے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، جو چلے گئے ہیں وہ اپنی کمزوری یا مجبوری کی وجہ سے گئے ہیں، جو عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں وہ کہیں نہیں جاتے۔
شیخ وقاص نے کہا کہ ہمیں آئینی ترمیم کے مسودے سے اتفاق نہیں ،ہم سمجھتے ہیں معاملے کو پیر تک روکا جائے، کون سی قیامت آگئی ہے کہ حکومت آج ہی آئینی ترمیم پاس کروانا چاہتی ہے۔