لاہور (قدرت روزنامہ )لاہور میں سموگ کی شدت کے حوالے سے موسمیاتی ماہرین نے شہریوں کو خبردار کر دیا ہے .
موسمیاتی ماہرین کے مطابق لاہور میں آئندہ 48 گھنٹے سموگ کی شدت برقرار رہے گی .
ناسا نے بھارتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر فصل کی باقیات جلانے سے سموگ میں شدت آنے کی فضائی تصویر جاری کر دی .
ہواو¿ں کا رخ بدلنے سے گزشتہ روز لاہور میں فضائی آلودگی اوسط 157 پر تھی جبکہ گزشتہ پانچ دن تک لاہور میں فضائی آلودگی اوسط 180 پر رہی تھی . بھارت سے آنے والی تیز رفتار ہوا کے ساتھ دھواں بھی پاکستانی علاقوں میں داخل ہو گیا .
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر فصلوں کی باقیات جلانے سے سموگ میں تیزی سے اضافہ ہوا . اس حوالے سے سینئر صوبائی وزیر برائے پنجاب مریم اورنگزیب نے اپیل کی ہے کہ سموگ میں اضافے پر شہری گھروں سے بلا ضرورت باہر نہ نکلیں .
مریم اورنگزیب نے شہریوں سے درخواست کی کہ ماسک لازمی پہنیں، سانس، سینے اور دل کے امراض میں مبتلا افراد، بزرگ کھلی فضا میں نہ جائیں .
خیال رہے کہ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کا فضائی معیار آج 1067 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا جو کہ انتہائی مضر صحت ہے .