پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کو پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا

کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگاتے ہوئے پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا . تفصیلات کے مطابق افواج پاکستان نے بھارت کی ایک اور چال کو ناکام بنا کر اس کا مکروہ چہرہ دنیا بھر کے سامنے بے نقاب کر دیا .

بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کا کارنامہ اس مرتبہ پاک بحریہ نے انجام دیا . پاک بحریہ نے جاسوسی اور جنگی مقاصد سے چوری چھپے پاکستان کی حدود میں گھسنے کی کوشش کرنے والی بھارتی آبدوز کو واپس جانے پر مجبور کر دیا . میڈیا رپورٹ کے مطابق 16 اکتوبر کو بھارتی آبدوز پاکستانی سمندری حدود کے قریب موجود تھی اور پاکستان بحریہ کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی تاہم پاک بحریہ کے طیارے نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے بھارتی آبدوز کا پتہ لگایا اور اسے پاکستانی حدود سے بین الاقوامی سمندر میں دھکیل دیا . بھارتی بحریہ اپنی آبدوزوں کو پاکستان کے خلاف تعینات کر رہی ہے لیکن سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک بحریہ ہر لمحہ مستعد و تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں . پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی سب میرین کی پاکستانی حدود میں داخلے کی کوشش ناکام بنائی . پاک بحریہ کی جانب سے پاکستان کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے سخت نگرانی جاری ہے، یہ اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے جس میں پی این لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ کے ذریعے بھارتی بحری آبدوز کا وقت سے پہلے سراغ لگایا گیا . پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ بھارتی سب میرین نے 16 اکتوبر کو پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت سے بھارتی عزائم ناکام بنادئیے . حالیہ واقعہ مادر وطن کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک بحریہ کے عزم کاعکاس ہے . دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والی بھارتی آبدوز کو نشانہ بنانے پر پاک بحریہ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا . بھارتی آبدوز نے پاکستانی حدود میں داخل ہونےکی کوشش کی، جس کا پاکستان نیوی نے سراغ لگایا اور اُس کو نشانہ بنایا، بروقت کارروائی اور سراغ لگانے پر پاک بحریہ کو سلام پیش کرتا ہوں . انہوں نے کہا کہ سمندری حدود کے دفاع میں پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا میں پہلے ہی معترف ہوں، رواں ماہ آبدوز حمزہ کے دورے سے میرا یقین مزید پختہ ہوگیا ہے . شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ بھارت شاید بھول بیٹھا تھا کہ پاک بحریہ بھی ہمہ وقت مستعد اور چوکس ہے، دنیا بھارت کی پاکستان مخالف جارحیت کا نوٹس لے . . .

متعلقہ خبریں