لاہور (قدرت روزنامہ) قومی ائیر لائن پی آئی اے کو بڑی بے دردی اور بے رحمی کے ساتھ بڑے ہی منظم طریقے سے لوٹا گیا، جہازوں کو لیز پر لینے اور بعد ازاں انہی جہازوں کو خرید نے سے لے کر ان کے مختلف اسپئر پارٹس اوپن مارکیٹ سے خریدنے کے بجائے ایجنٹس کے ذریعے خریدنے سے لے کر ٹریولر ایجنٹوں کی ملی بھگت سے ڈمی بکنگ اور ریفنڈز کی مد میں کروڑوں نہیں بلکہ اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا .
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق اس امر کا انکشاف آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ میں کیا گیا جبکہ نامی گرامی آڈٹ فرم انٹرنل اڈٹ میں ان فراڈ کو پکڑنے میں ناکام رہی .
سال 2007ء سے لے کر سال 2017ء تک کے دس سال کے آڈٹ میں ایسے ایسے فراڈ سامنے آئے ہیں کہ پی آئی اے کی موجودہ انتظامیہ بھی حیران و پریشان ہے کیونکہ فراڈ کرنے والے آج بھی پُرکشش اعلی عہدوں پر فائز ہیں .
پی آئی اے میں مخصوص ٹریول ایجنسیوں کی ملی بھگت سے ڈمی سیٹوں کی بکنگ کرکے اندرون اور بیرون ممالک جانے والی پروازوں میں سیکڑوں سیٹیں خالی رکھی گئیں کہ ٹریول ایجنٹس فروخت کرلے گا، ٹریول ایجنٹس ڈمی بکنگ کر کے ظاہر کرتے کہ سیٹیں فل ہو چکی ہیں مگر فلائٹ جانے سے ایک گھنٹہ قبل پتا چلتا کہ متعلقہ ٹریول ایجنٹس سیٹیں فروخت ہی نہیں کرسکا اور آدھا آدھا جہاز خالی گیا .
سال 2011ء سے لے کر سال 2017ء تک 8 ہزار 800 ٹکٹیں 45 ہزار بار ریفنڈز ہوئیں یعنی ایک ٹکٹ ایوریج پانچ بار ریفنڈز ہوا، جہازوں کو لیز پر لیتے وقت 75 ملین ڈالر کرائے زائد ادا کیے گے جبکہ یہی جہاز دیگر ائیر لائن نے اس سے بھی کم قیمت پر لیز پر لیے .
آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انٹرنل آڈٹ کرنے والی معروف اور نامی گرامی آڈٹ فرموں نے بھی غفلت کا مظاہرہ کیا سب سے زیادہ قصوروار پی ائی اے کے انجینئر ڈیپارٹمنٹ کو ٹھہرایا گیا ہے جس نے جہازوں کے اسپیئر پارٹس جہازوں کی لیز اور بعد ازاں ان کو خریدنے کے معاملے میں جان بوجھ کر ملی بھگت کر کے ایسے طیارے بھی خریدے اور لیز پہ لیے جو قابل استعمال نہیں تھے بلکہ انہیں ان ممالک میں گراؤنڈ کیا گیا تھا اور جن کمپنیوں کے ساتھ ایگریمنٹ ہوا ان کو بھی گو تھرو نہیں کیا گیا .
. .