اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے ناقابل تردید ثبوت سامنے آ چکے ہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کہتے رہے ہیں کہ 9 مئی کے واقعات میں ان کے لوگ ملوث نہیں تھے، اگر ملوث ہیں تو ثبوت دکھائے جائیں، تمام ثبوت قوم کے سامنے پیش کر دیے ہیں، 9 مئی کے مقدمات کا جلد از جلد فیصلہ سنایا جائے، تحریک انتشار کے لوگ بشمول بانی چیئرمین پی ٹی آئی قوم سے معافی مانگیں۔
سانحہ 9 مئی اور سی سی ٹی وی شواہد سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 9 مئی کے حملوں کے حوالے سے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، سانحہ 9 مئی کے حوالے سے بہت باتیں کی گئیں کہ کہاں ہے سی سی ٹی وی فوٹیج؟ کہاں ہیں ثبوت؟ تحریک انتشار کے لوگ اور بانی پی ٹی آئی رٹ لگاتے رہے کہ ہمارے لوگ نہیں تھے۔
تحریک انتشار نے منظم سازش کے ذریعے 9 مئی کے حملے کیے
وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انتشار نے منظم سازش کے ذریعے 9 مئی کے حملے کیے اور ان حملوں میں ان کے سرکردہ رہنما ملوث تھے۔ یہ جو پارسائی کا دعویٰ کر رہے ہیں کہ ہمارے لوگ نہیں تھے تو پھر کیا یاسمین راشد، شہر یار آفریدی، عثمان ڈار، مراد سعید ان کی جماعت کے اراکین نہیں تھے جنہیں آڈیو وڈیو اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں خود توڑ پھوڑ کے احکامات جاری کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
تمام ثبوت سامنے ہیں
انہوں نے کہا کہ مراد سعید نے باقاعدہ ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ سب لوگ اپنے اپنے اہداف پر پہنچیں، تمام ثبوت سامنے ہیں، ویڈیوز اور آڈیوز موجود ہیں، ملزمان کی شناخت کی جا سکتی ہے، شہریار آفریدی کو سنا جا سکتا ہے کہ وہ کہہ رہے ہیں کہ جی ایچ کیو جائیں گے، یاسمین راشد گاڑی کی چھت پر کھڑی ہو کر کہہ رہی ہیں کہ پورے جتھے کو لے کر کور کمانڈر ہاؤس جا رہی ہیں۔ عثمان ڈار جناح ہاؤس کا ذکر کر رہے ہیں۔
فوجی اور دفاعی تنصیبات پر حملے کیے گئے
وفاقی وزیر نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں کی ہدایات پر فوجی اور دفاعی تنصیبات پر حملے کیے گئے اور شہدا کی یادگاروں کی توڑ پھوڑ اور بے حرمتی کی گئی، یہ سب کچھ پی ٹی آئی نے سیاسی بیانیہ مضبوط بنانے کے لیے کیا، ہم نے پہلے بھی کہا اور آج بھی کہتے ہیں کہ پاکستان ہے تو سیاسی جماعتیں ہیں، وزارتیں بھی ہیں، کوئی سمجھتا ہے کہ فلاں نہیں تو پاکستان نہیں تو یہ اس کی بھول ہے، پاکستان قائم ہے اور ہمیشہ قائم رہے گا۔
پولیس نے پرامن طور پر تمام فسادیوں کو روکنے کی کوشش کی
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کہتے تھے کہ 9 مئی کے واقعات ہونے سے روکا کیوں نہیں گیا؟ تو ان فوٹیجز میں ناقابل تردید ثبوت پیش کر رہے ہیں، پولیس نے پرامن طور پر تمام فسادیوں کو روکنے کی کوشش کی، بانی پی ٹی آئی چاہتے تھے کہ لاشیں گریں، لیکن پولیس نے ان کا یہ منصوبہ بھی ناکام بنایا۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی ایک آنکھ ضائع ہوئی
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو توڑ پھوڑ کرنے سے روکتے ہوئے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی ایک آنکھ ضائع ہوئی، کئی پولیس جوان شدید زخمی ہوئے، پھر بھی یہ کہتے ہیں کہ انہیں روکا کیوں نہیں گیا۔
ملک کو تباہ کرنے کے لیے بار بار کوششیں کس نے کیں؟
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے بتائیں کہ ملک کو تباہ کرنے کے لیے بار بار کوششیں کس نے کیں؟، ملک کو ڈیفالٹ کرانے کے لئے آئی ایم ایف کو خط کس نے لکھے؟ طالبان کو واپس پاکستان میں کون لایا؟ 9 مئی کے واقعات کس نے کروائے؟ ایسا تو 77 برسوں میں ملک کا دشمن بھی نہیں کر سکا جو پی ٹی آئی کے حواریوں نے کیا۔
فیصلہ قوم کرے گی
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور اس کے حواریوں نے اپنی انا کی تسکین کے لیے ملک کے خلاف قدم اٹھایا، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، مردان، میانوالی، پشاور کی فوٹیجز موجود ہیں، فیصلہ قوم کرے گی کہ آیا ان میں یہ کون لوگ ہیں جو ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے ہر قدم پاکستان کے خلاف اٹھایا
انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیوز پہلے کبھی سامنے نہیں لائی گئیں، آج قوم کے سامنے وہ ثبوت لا رہے ہیں جو اس سے پہلے کبھی سامنے نہیں لائے گئے، قوم دیکھے کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی نے وہ کچھ کیا جو آج پاکستان کے خلاف خوارج کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے ہر قدم پاکستان کے خلاف اٹھایا، ان کا منصوبہ تھا کہ کسی طرح لاشیں گریں، انہوں نے تشدد کا راستہ اختیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر شہریار آفریدی، مراد سعید، یاسمین راشد، عثمان ڈار، کنول شوذب کے آڈیو پیغامات بھی جاری کئے گئے جن میں وہ 9 مئی کے واقعات میں احکامات اور ہدایات جاری کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ محمود مولوی، عمران اسماعیل، حاشر خان، عباد فاروق، علی رضا، ارزم جنید، جان محمد، محمد ساجد کی آڈیو بھی جاری کیں جن میں وہ پارٹی چھوڑنے کی وجوہات بیان کر رہے ہیں اور یہ کہہ رہے ہیں کہ 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی زمان پارک میں کی گئی۔
تمام تر ثبوت واضح طور پر قوم کے سامنے رکھے دیے گئے ہیں
وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام تر ثبوت واضح طور پر قوم کے سامنے رکھے دیے گئے ہیں، اب 9 مئی کے کیسز کا فی الفور فیصلہ ہونا چاہئے، زیر التوا جوڈیشل کیسز کا بھی فی الفور فیصلہ ہونا چاہیے اور 9 مئی کے ملزمان جو دشمنوں کے ایجنڈے کو لے کر چل رہے ہیں، کو کیفر کردار تک پہنچنا چاہیے۔
تحریک انصاف نے دشمن کا خواب پورا کیا
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پاکستان کا پوری دنیا میں نام خراب کرنے کی کوشش کی اور دشمن کا خواب پورا کیا۔ وفاقی وزیر عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور تمام ریکارڈ محفوظ ہے، اسے نہ تو بدلا جاسکتا ہے نہ ٹیمپرڈ کیا جاسکتا ہے، ان لوگوں کی حرکات سب کے سامنے ہیں، انہوں نے قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی پوری کوشش کی، یہ تمام شواہد قوم کے سامنے آچکے ہیں، یہ آج بھی اسی مائنڈ سیٹ پر عمل پیرا ہیں۔
یہ آج بیرونی مداخلت کی ڈیمانڈ کرتے ہیں
انہوں نے کہا کہ یہ آج بیرونی مداخلت کی ڈیمانڈ کرتے ہیں، 9 مئی کے زیر التوا کیسز جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچنے چاہئیں اور تحریک انتشار کے تمام رہنما بشمول بانی چیئرمین پی ٹی آئی قوم سے معافی مانگیں اور ان کیسز کا سامنا کریں۔
لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان میں ان دنوں استعمال شدہ فون خریدنا ایک بہتر انتخاب ہے…
لندن (قدرت روزنامہ) چیمپئینز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد…
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) موسم کی تبدیلی کے ساتھ موسمی اشیاء کے دام بھی تیزی…
ڈیرہ بگٹی(قدرت روزنامہ)سنگسیلہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے لیویز…
لاہور (قدرت روزنامہ) واٹس ایپ دنیا بھر میں سب سے زیادہ مقبول پیغام رساں پلیٹ…
لاہور (قدرت روزنامہ) سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ایک بار پھر پاکستان کرکٹ بورڈ…