اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی، معیشت کی بحالی اور سیاسی استحکام جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، دھرنے اور لانگ مارچ ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت سب کی محنت اور دیانت داری کی وجہ سے آہستہ آہستہ استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے، جس میں وفاق اور صوبوں سمیت سب کا کردار ہے، جس پر سب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوش حالی استحکام، معاشی اور سیاسی استحکام ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، اس کے بغیر کوئی بھی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترقی اور خوش حالی کے لیے انتہائی اہم ہے کہ ملک کے اندر معاشی اور سیاسی استحکام ہو، اس کے لیے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہے اور اس پر کھل کر بات کرنی چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کا پروگرام منظور کروانے میں صوبوں کی وفاق کی پوری مدد کی، وزیراعلیٰ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا اس تعاون پر شکرگزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اسی کے نتیجے میں آج پاکستان کا اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی سب سے اونچی سطح پر ہے، ملک میں مہنگائی سنگل ڈیجیٹ پر ہے اور شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا، بیرونی ترسیلات میں اچھا اضافہ ہوا ہے، یہ تمام پہلو اس طرف اشارہ کر رہے ہیں استحکام آہستہ آہستہ آرہا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ترقی اور خوش حالی کے راستے کھل گئے ہیں بلکہ وہ اس وقت ممکن ہوگا جب ملک کے اندر سرمایہ کاری ہو، پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ بیرونی سرمایہ کاری ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ پہلے اندرونی طور پر سرمایہ کاری ہوتی ہے اور اس کے بعد حوصلہ پا کر غیرملکی سرمایہ کار آتے ہیں، اس کے علاوہ کوئی اور طریقہ کار نہیں ہے اور آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا آخری پروگرام ہوگا۔
معاشی استحکام کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ٹی برآمدات اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، ملکی ترقی کے لیے ٹیکس آمدن بڑھانی اور ٹیکس چوری روکنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ غریب عوام نے 77 سال قربانیاں دیں اوراب اشرافیہ کو قربانی دینا ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دھرنے اورلانگ مارچ ترقی کے راستے کی رکاوٹ ہیں، درخواست ہے کہ سب مل بیٹھ کرمعاملات پرغورکریں، ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ترقی چاہیے یا انتشار، ملک کی خوش حالی کے لیے وفاق اورصوبوں کومل کرکام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ ملکی ترقی، اتحاد اور خوش حالی کے لیے یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھیں۔
‘دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا’
وزیراعظم نے نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے دور میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوا تھا لیکن یہ دوبارہ سر اٹھا رہی ہے، ہم نے 80 ہزار قربانیاں دے کر اس ناسور کو ختم کیا تھا اور دوبارہ اسے جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ہے، سب سے پہلے اس کا خاتمہ ضروری ہے، بلوچستان میں بی ایل اے کی درندگی قابل مذمت ہے اور اس کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی یک جہتی اور اتحاد کو آگے لے کر جانا ہماری ترجیح ہے۔
اسلام آباد ( قدرت روزنامہ ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جے یو آئی کے…
واشنگٹن (قدرت روزنامہ)امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ کی رہائش گاہ کے حوالے…
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان میں حالیہ ہفتوں میں خواتین ٹک ٹاکرز اور مشہور شخصیات کی لیک…
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما مراد سعید ایک…
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان میں مشہور سوشل میڈیا ایپ ایکس پر پابندی کے بعد بلو اسکائی…
کراچی(قدرت روزنامہ)پاک سوزوکی نے اپنی موٹر سائیکل لائن اپ کے لیے بغیر مارک اپ کی…