ماڈل نایاب قتل کیس کی گتھی سلجھنے لگی، پولیس کو اہم کامیابی مل گئی

لاہور (قدرت روزنامہ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ماڈل نایاب قتل کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی ، سی سی ٹی فوٹیج میں نظر آنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا . تفصیلات کے مطابق گرفتار کیا گیا شخص نایاب کا دوست ہے اور اس کا ماڈل کے گھر میں بھی آنا جانا تھا جب کہ پولیس کو نایاب کے موبائل فون نمبر کے ڈیٹا سے بھی اس کا ریکارڈ ملا تھا .

کیس کے حوالے سے ایس پی انویسٹی گیشن منصور امان نے کہا ہے کہ پولیس کوتاحال فرنزاک رپورٹ کا انتظار ہے ، فرانزک رپورٹ کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے تاہم پولیس کی جانب سے اب تک سامنے آنے والے شواہد کی روشنی میں تفتیش کا عمل جاری ہے . یاد رہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو میں مبینہ طور پر قتل کی جانے والی ماڈل نایاب کے قتل کے واقعے میں پولیس نے گزشتہ روز نایاب کے گھرکے قریب سے مشکوک شخص کی ویڈیو حاصل کی ، جس میں ایک 30 سے 35 سالہ مشتبہ شخص کو پاجامہ پہنے صبح 5 بج کر 26 منٹ پرگھرکے قریب دیکھا گیا ، پولیس نے مشکوک شخص کی فوٹیج ماڈل نایاب کے ہمسایوں سے حاصل کی ، جس کے بعد ویڈیو کو نادرا اور فرانزک کے لیے بھجوادیا گیا . علاوہ ازیں پولیس کو مقتولہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ مل گئی ، مقتولہ کا پوسٹ مارٹم 40 سے 48 گھنٹے بعد کیا گیا ، جس میں قتل کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مقتولہ سے زیادتی بھی ثابت نہیں ہوئی جب کہ اس کے گلے پر تشدد کے نشانات پائے گئے ، مقتولہ کے منہ میں خون جمع تھا ، موت سے پہلے قے کے شواہد بھی ملے تاہم موت کی حتمی وجہ کا تعین فرانزک ایجنسی کی رپورٹ میں کیا جائے گا . پولیس کے مطابق ماڈل قتل کی رات اپنے دوستوں کے ساتھ دعوت پر گئی اور پارٹی میں مقتولہ ماڈل کا کچھ دوستوں سے جھگڑا ہوا ، ماڈل نایاب فارم ہاؤس سے واپس گھر آئی اور بھائی کو فون کیا جب کہ اسی رات ماڈل کا سوتیلا بھائی اس سے ملنے بھی آیا ، نایاب سے جن دوستوں کا جھگڑا ہوا ان کو بھی تفتیش میں شامل کر لیا گیا اور تھانہ ڈیفنس بی انویسٹی گیشن پولیس نے ڈیفنس بی کے علاقے میں واقعہ ایک گھر سے مردہ حالت میں پائی جانے والی ماڈل نایاب کے قتل کی تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کردیا . ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ماڈل نایاب کو گلا دبا کر قتل کیا گیا جب کہ قتل کی واردات میں ملوث نامعلوم ملزم گھر کے عقبی راستے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ، نامعلوم ملزم نے ماڈل نایاب کو قتل کرنے کے بعد اس کو برہنہ حالت میں اس لئے چھوڑ دیا تاکہ مقدمے کی تفتیش کا رخ تبدیل کر سکے تاہم ماڈل نایاب کے ساتھ جنسی زیادتی کے شواہد نہیں ملے ، نامعلوم ملزم مقتولہ نایاب کا موبائل فون بھی ساتھ لے گیا لیکن پولیس نے مقتولہ کے موبائل فون کا ڈیٹا نکلوا کر اس کے قریبی دوستوں کو شامل تفتیش کرلیا .

. .

متعلقہ خبریں