وزیر اعلیٰ مریم نواز نے شر پسند عناصر کی سرکوبی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کا حکم دیدیا
لاہور ( قدرت روزنامہ )وزیر اعلیٰ مریم نواز نے شر پسند عناصر کی سرکوبی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ملتان ڈویژن میں امن و امان، عوامی اور انتظامی امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ کو ملتان ڈویژن میں ستھرا پنجاب کیمپین پرپیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ملتان ڈویژن کی 14 تحصیلوں میں صفائی کے انتظامات کی آؤٹ سورسنگ مکمل کر لی گئی اور 6 تحصیلوں میں پراسیس جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ستھرا پنجاب کے لئے بہتر کارکردگی پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ملتان کو سراہا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر حکام کو دیہات میں جا کر صفائی کے انتظامات چیک کرنے اور کتے کے کاٹنے کے واقعات پر مکمل قابو پانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ کو آر پی او نے ملتان ڈویژن میں امن امان کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بچوں کو کتے کے کاٹنے سے بچاؤ کے لیے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان میں ماضی کے بر عکس ڈینگی کیس میں واضح کمی ہوئی ہے۔ ملتان میں اینٹی سموگ کیمپین کے دوران خلاف ورزیوں پر 44 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا اوراینٹی سموگ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر اینٹوں کے 229 بھٹے مسمار کیے گئے۔