انتظار اور قطار کی جھنجھٹ ختم، نادرا کراچی کے شہریوں کو خصوصی سہولت فراہم کرے گا
کراچی(قدرت روزنامہ)شہر قائد میں نادرا کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے خودکار مشینیں نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسمارٹ قومی شناختی کارڈز کی تجدید اور گمشدہ شناختی کارڈ کے حصول کے لیے کراچی میں سیلف سروس کیوسک نصب کی جائے گی، جس سے لمبی قطاروں اور طویل انتظار کے بغیر کوئی بھی شہری بغیر خود کار طریقے سے استفادہ کرسکے گا۔ ابتدا میں سیلف سروس کیوسک نادرامیگا سینٹرز بعد ازاں ائیرپورٹ، ریلوے اسٹیشن اور شاپنگ مالز میں نصب کیے جائیں گے۔
ایکسپو سینٹر میں منعقدہ 4 روزہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024ء کےدوران نادرا کی جانب سے اسٹال لگایا گیا، جس پر شہریوں کی سہولت کے لیے ایک اور جدت کے حامل سیلف سروس کیوسک رکھا گیا، جو آئندہ کچھ عرصے کے دوران شہر کے میگا سینٹرز پر نصب کیے جائیں گے۔
نادرا کے اس خود کار کیوسک کے ذریعے شہری اپنے اسمارٹ قومی شناختی کارڈز کی تجدید اور گمشدہ شناختی کارڈز کے حصول کے لیے نادرا کی کسی عام برانچ کی طرح درخواست کے مراحل طے کرسکتے ہیں، تاہم اس کے لیے نہ تو شہریوں کو لمبی لمبی لائنوں میں لگنا پڑے گا اور نہ ہی کسی نادرا سینٹر کے کاونٹرز پر کسی ڈیٹا انٹری آپریٹر یا تصویر اور انگوٹھوں کے نشان کی تصدیق کے لیے عملے کے کسی بھی فرد کی ضرورت پڑے گی۔