پی ٹی آئی احتجاج: قانون ہاتھ میں لینے والوں پر سنگین دفعات کے مقدمات درج ہوں گے، آئی جی اسلام آباد
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں پر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے ڈی چوک اسلام آباد کا دورہ کیا اور پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا کہ آج کے پلان کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے، اسلام آباد کے عوام اور املاک کی حفاظت ذمہ داری ہے، کوئی روڈ بند ہے تو متبادل راستہ کھلا رکھا گیا ہے، ایئرپورٹ آنے جانے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہیں، شہر میں سیکیورٹی انتظامت عوام کی جان و مال کی حفاظت کے پیش نظر کیے ہیں، رکاوٹیں ضرور ہیں لیکن آمدورفت کے سلسلے کو بند نہیں کیا اور لوگوں کی آمدورفت کو یقینی بنایاجا رہا ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ کورٹ کی جانب سے جو حکم آیا ہے وہ سامنے ہے، قوانین کے تحفظ کے لیے پولیس ڈیوٹی انجام دے رہی ہے، 200 سے زائد پولیس کو مطلوب افراد گرفتار ہوئے، گرفتار افراد سے برآمدگیاں کی گئی ہیں۔
علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ امن کو برقرار رکھنے کے لیے کاروائیاں کی جا رہی ہیں، پولیس گنجان آباد علاقوں میں بھی سرچ آپریشن کر رہی ہے، سی ٹی ڈی بھی مشکوک علاقوں میں سرچ آپریشن کر رہے ہیں،غیر قانونی افغان باشندوں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی بھی شر انگیزی سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، اسلام آباد میں کسی قسم کے احتجاج، ریلی یا مجمعے پر پابندی ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، سیکیورٹی پلان کا مقصد شر انگیزی کو روکنا ہے، قانون ہاتھ میں لینے والوں پر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے، اسلام آباد کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
آئی جی اسلام آباد نے درخواست کی کہ شہری کسی قسم کی ہنگامہ آرائی یا غیرقانونی عمل کا حصہ نہ بنیں، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔