زلزلہ سے متاثرین کی امداد کرنا ہمارا قومی اور انسانی فریضہ ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے ہرنائی کے حالیہ زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان بھجوا دیا ہے اس ضمن میں آج گورنر ہاؤس کوئٹہ سے امدادی سامان لیکر چودہ ٹرکوں کا ایک قافلہ ہرنائی روانہ کر دیا گیا اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیراحمد ناصر بھی موجود تھے. پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ سامان میں اشیاء خورد ونوش اور رہن سہن کی ضروری اشیاء شامل تھیں اس موقع پر گورنر بلوچستان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کے عوام اس وقت کئی مشکلات سے دوچار ہیں اور ان کی فوری اور ضروری امداد کرنا ہمارا قومی اور انسانی فریضہ ہے انہوں نے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن بلوچستان کی فراخ دلانہ امداد پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ہنگامی حالات میں تجارتی اور کاروباری حلقے ضرورت مندوں کی امداد میں پیش پیش رہیں گے گورنر بلوچستان نے تمام مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں آگے آئیں اور زلزلہ سے متاثر ہونے والے اپنے بھائی بہنوں کی ہر ممکن مدد کریں گورنربلوچستان نے کہا کہ ہرنائی کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان پر مشتمل اس قافلے کی روانگی ابتدائی اقدام ہے اور انشاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہیگا اور امدادی اشیاء کا دوسرا قافلہ سردی کے آغاز سے قبل روانہ کر دیا جائے گا فراہم کیا جانے والا سامان ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے سپرد کیا جائے گا جو اسے ہرنائی کے زلزلہ زدگان میں تقسیم کریں گے . .

.

متعلقہ خبریں