بیرسٹر گوہر اور بیرسٹرسیف کی عمران خان سےملاقات ختم،اہم فیصلے
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بیرسٹر گوہر اور بیرسٹرسیف کی عمران خان سےملاقات ختم ہوگئی، ملاقات 2 گھنٹے تک جاری رہی جس میں احتجاج سے متعلق مشاورت اور اہم فیصلےکرلیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلوں سے متعلق علی امین گنڈاپوراور بشریٰ بی بی سے بھی مشاورت کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق قبل ازیں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچےتھے۔ان کے ساتھ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف بھی اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان بھی اس موقع پر اڈیالہ جیل پہنچ گئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پی ٹی آئی کے جاری احتجاج کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مشاورت جاری ہے،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر احتجاج کی اگلی حکمت عملی کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی، اڈیالہ جیل میں جاری ملاقات میں احتجاج کو ختم کرنے سمیت دیگر آپشن پر بھی غور جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی رہنما بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسلام آباد احتجاج کے معاملے پر اعتماد میں لیں گے۔
آج ملاقات کا دن نہ ہونے کے باجود خصوصی درخواست پر یہ ملاقات اڈیالہ جیل میں ہو رہی ہے۔