صنعتی علاقوں میں سب سوائل واٹر فراہم کرنے والے ٹھیکداروں نے تنظیم بنالی
دو درجن سے زائد ٹھیکیدار شامل ۔ لیاقت علی خان گراؤنڈ واٹر آپریٹرز ایسوی ایشن کے پہلے صدر منتخب
کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی کے صنعتی علاقوں میں پانی فراہم کرنے والے ٹھیکداروں نے تنظیم بنالی۔ گراؤنڈ واٹر آپریٹرز ایسوسی ایشن کے نام سے بنے والی تنظیم سائیٹ اور سائیٹ سپر ہائی وے سمیت تمام صنعتی علاقوں کی نمائندگی کرے گی ۔
لیاقت علی خان صدر اور اویس اقبال جنرل سیکریٹری منتخب ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے گزشتہ ماہ لائسنسوں کے اجرا کے بعد ٹھیکیداروں نے قانونی حقوق استعمال کرنے کیلئے ایسوسی ایشن بنانے کا فیصلہ کیا اور لائسنس کی منسوخی کے عمل سے قبل ہی گراؤنڈ وائر ایسوسی ایشن کے نام کا اعلان کر دیا گیا، مذکورہ تنظیم میں واٹر کار پوریشن کے لائسنس یافتہ ٹھیکدار بھی شامل ہو چکے ہیں جن کا گزشتہ دنوں لائسنس منسوخ کیا گیا تھا، لیاقت علی خان کو ایسوسی ایشن کا پہلا صدر اور اولیں ، اقبال کو جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا ہے۔
گراؤنڈ واٹر آپریٹرز ایسوسی ایشن میں اب تک دو درجن سے زائد اسٹال ہولڈرز شامل ہو چکے ہیں ، یہ ایسوسی ایشن سرکاری و غیر سرکاری اداروں، کے الیکٹرک ، کراچی واٹر کار پوریشن، ٹاؤنز ، پولیس، رینجرز اور صنعتی ایسوسی ایشنز سے رابطہ رکھے گی تا کہ صنعتی علاقوں میں گراؤنڈ واٹر کی بلا تعطل فراہمی جاری رہے۔