احتجاج کے دوران شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں کو کسطرح کچلا، اہلکاروں کے چشم کشا حقائق
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت میں ڈیوٹی پر مامور رینجرز اہلکاروں نے گاڑی سے کچلنے کے واقعے پر چشم کشا انکشافات کردیے۔
تفصیلات کے مطابق شہید رینجرز اہلکاروں پر شر پسندوں کی جانب سے گاڑی سے کچلنے کے معاملے پر آن ڈیوٹی اہلکاروں نے واقعے سے متعلق حقائق بیان کردیے۔
رات گئے افسوسناک واقعے میں سیاسی شر پسندوں نے رینجرز اہلکاروں کو تیز رفتار گاڑی سے کچل ڈالا تھا۔ اسلام آباد میں ڈیوٹی پر مامور رینجرز کے اہلکار کے مطابق’’رات دو سے تین بجے کے قریب اسلام آباد کے سیکٹر جی 10 میں ڈیوٹی کے دوران دھرنے کے مقام کی طرف سے ایک تیز رفتار گاڑی آئی اور رینجرز و پولیس اہلکاروں کو ٹکر مار کر نکل گئی۔
رینجرز اہلکار نے بتایا کہ اس واقعے میں ہمارے تین جوان شہید اور تین زخمی جبکہ اسلام آباد پولیس کے بھی تین اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ ڈیوٹی پر مامور رینجرز کے ایک اور اہلکار کے مطابق “ہم جی 10 اسلام آباد میں پولیس کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے۔دھرنے والے مقام سے ایک تیز رفتار گاڑی آئی ،جس نے ہمارے ساتھیوں کو کچل ڈالا‘۔
رینجرز اہلکار نے بتایا کہ گاڑی کی لائٹس بھی بند تھی جس نے ہمارے جوانوں کو سیدھا نشانہ بنایا اس واقعہ میں ہمارے تین جوان شہید اور تین زخمی جبکہ پولیس کے بھی تین جوان زخمی ہو ئے ،تیز رفتار گاڑی ڈیوٹی پر مامور جوانوں کو کچلتے ہوئے تیزی سے آگے نکل گئی۔
سوشل میڈیا میں اس سلسلے میں گمراہ کن پروپیگنڈا کر کے حقائق کو چھپانے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور رینجرز اہلکاروں کے بیانات آنے کے بعد جھوٹ اور فیک نیوز پھیلانےوالے عناصر بے نقاب ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز کی کی مدد سے شرپسندوں کی شناخت کا عمل جاری ہے واقعے میں ملوث شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکرقرار واقعی سزا دی جا ئے گی۔