اسکولوں میں ہفتے کی چھٹی ختم، کون کون سے اسکولوں کو 2 چھٹیوں کی اجازت؟
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے اعلان کیا ہے کہ وفاق کے تحت چلنے والے تعلیمی اداروں میں ہفتہ وار چھٹی ختم کر دی گئی ہے۔
اس فیصلے کے تحت اب ہفتے کا دن بھی تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیوں کے لیے مختص ہوگا۔ اس فیصلے کی باقاعدہ اطلاع ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے کیا گیا ہے، جو طلبہ کو طویل اسکول بندشوں کے باعث برداشت کرنا پڑا۔ حالیہ مہینے میں شدید دھند (اسموگ) اور پی ٹی آئی کے احتجاج کی وجہ سے اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے کئی دن بند رہے، جس کے نتیجے میں تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔
نئی پالیسی کا اطلاق 30 نومبر 2024 سے 1 فروری 2025 تک ہوگا۔ اس عرصے کے دوران تمام وفاقی تعلیمی ادارے ہفتے کو کھلے رہیں گے تاکہ طلبہ کا تعلیمی نقصان پورا کیا جا سکے۔
پاکستان کے صوبائی حکومتوں کے تحت چلنے والے اسکولوں میں پہلے ہی ہفتے میں صرف ایک چھٹی (اتوار) ہوتی ہے تاہم کچھ نجی اسکول دو چھٹیاں (ہفتہ اور اتوار) بھی رکھتے ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اسلام آباد کے نجی اسکول اس فیصلے پر عمل کریں گے یا نہیں۔
یہ اقدام تعلیمی سال کے دوران طلبہ کے لیے زیادہ تدریسی وقت فراہم کرنے کی کوشش ہے، تاکہ کسی بھی قسم کے تعلیمی خلا کو پر کیا جا سکے۔