غیرضروری درخواست کیوں دائر کی؟ عدالت نے عمران خان کی بہنوں پر جرمانہ عائد کردیا
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہنوں کو 10 ہزار روپے ہرجانے کا حکم سنادیا۔
عمران خان کی بہنوں نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ جیل انتظامیہ کی جانب سے ان کی عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی جارہی۔
عمران خان کی تینوں بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین خان نے 2 دسمبر کو عدالت میں درخواست دائر کی، جس پر جج نے جیل سپرنٹنڈنٹ سے جواب طلب کیا۔
عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو 3 دسمبر کو طلب کیا تھا، تاہم جیل انتظامیہ نے عدالتی احکامات کے بغیر ہی عمران خان سے ان کی بہنوں کی ملاقات کروا دی۔
جیل سپرنٹنڈنٹ جب عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا مؤقف سامنے رکھا تو عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر ملاقات کروائی جارہی تھی تو پھر درخواست کیوں دائر کی۔
بعد ازاں عدالت نے غیرضروری درخواست دائر کرنے پر عمران خان کی بہنوں کو 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے عمران خان کی بہنوں کی درخواست پر سماعت کی۔