اداکارہ ماہرہ خان نے ڈپریشن سے نجات کیسے حاصل کی؟
کراچی(قدرت روزنامہ)سپر اسٹار اداکارہ و ماڈل ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ ذہنی صحت کے بارے میں سطحی طور پر بات کرنا آسان ہے لیکن اس کی گہرائی میں جانا اور اسے سمجھنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذہنی مسائل کی وجہ سے انہوں نے انتہائی مشکل حالات کا سامنا کیا ہے۔
ماہرہ خان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات کے علاوہ ڈپریشن کے حوالے سے بھی کھل کر بات کی، انہوں نے کہا کہ جو لوگ ذہنی مسائل اور ڈپریشن کا شکار ہیں ان کو ماہرین سے رجوع کرنا چاہیے اور ارد گرد کے لوگوں سے بھی بات کرنی چاہیے اور اس حوالے سے شرمندگی محسوس نہیں کرنی چاہیے۔
اداکارہ نے کہا کہ لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ ڈپریشن شرمندگی نہیں بلکہ بیماری ہے، جس کا علاج موجود ہے، اس کے لیے ادویات اور ماہرین موجود ہیں اور اس کا علاج موجود ہے۔
ماہرہ خان نے اعتراف کیا کہ جب وہ ذہنی مسائل کا شکار تھیں تو وہ اللہ کے قریب ہو گئی تھیں اور ہر وقت دعائیں مانگتی رہتی تھیں۔ انہوں نے ادویات سے مدد لی اور قریبی لوگوں نے انہیں ڈپریشن سے نکلنے میں مدد فراہم کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی لوگوں کو مختلف معالجین کے پاس بھیجا اور بہت سے لوگ بعد میں آ کر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ یہ آپ نے کیا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ضروری ہے کہ اگر آپ تکلیف میں ہیں تو کسی کی مدد لیں۔ اداکارہ نے کہا کہ ڈپریشن عدم توازن کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے، جس کے پیچھے مختلف اسباب ہو سکتے ہیں، لیکن یہ ایک قابل علاج مسئلہ ہے۔