آن لائن خریداری کرنے والے محتاط رہیں، پی ٹی اے کی وارننگ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے انٹرنیٹ صارفین کو آن لائن خریداری کے دوران محتاط رہنے کی ہدایات کی ہے۔
پی ٹی اے نے سائبر سیکیورٹی سے متعلق رواں برس ’اسمارٹ خریداری، محفوظ مستقبل‘ کے زیر عنوان اپنی ہفتہ آگاہی مہم میں صارفین کو آن لائن خریداری کو محفوظ اور پر اعتماد بنانے کے لیے مختلف احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ٹی اے نے انٹرنیٹ صارفین سے کہا ہے کہ وہ آن لائن فراڈ اور ہر قسمی دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے ہمیشہ محفوظ انٹرنیٹ کنکشن استعمال کریں اور صرف مستند اور معتبر ای کامرس پلیٹ فارمز سے خریداری کریں۔
پی ٹی اے نے اپنے پیغام میں صارفین سے کہا ہے کہ وہ فراہم کردہ رابطے کی تفصیلات کی درستگی کی تصدیق کریں، ہر ای کامرس اکاؤنٹ کے لیے مضبوط، منفرد اور محفوظ پاس ورڈز کا استعمال یقینی بنائیں۔
پی ٹی اے نے انٹرنیٹ صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ڈیجیٹل لین دین کو محفوظ بنائیں اور ذمہ دارانہ سائبر ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔