حکومت کا الیکٹرک بائیک اور رکشے سبسڈی پر فراہم کرنیکا اعلان
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت نےماحولیاتی تحفظ اور کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے 40000 سے زائد الیکٹرک بائیکس اور رکشے سبسڈی پر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جو ملک کی الیکٹرک وہیکل پالیسی پر گفتگو کے لیے منعقد ہوا تھا۔
حکومت وفاقی تعلیمی بورڈ کے 120 بہترین طلبا کو الیکٹرک موٹرسائیکلیں بھی فراہم کرے گی تاکہ نوجوانوں میں پائیدار نقل و حمل کے رجحان کو فروغ دیا جا سکے۔ اس کے ساتھ 39000 الیکٹرک بائیکس اور 1900 الیکٹرک رکشے سبسڈی پر عوام کو فراہم کیے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر 40 چارجنگ اسٹیشنز کی تنصیب پر بھی زور دیا تاکہ الیکٹرک وہیکلز کے بڑھتے ہوئے استعمال کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ مزید یہ بھی کہا گیا کہ پیٹرول پمپس پر بھی الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں تاکہ الیکٹرک گاڑی مالکان کے لیے آسانی پیدا ہو۔