انجلینا جولی کو طلاق ہوگئی
لاس اینجلس (قدرت روزنامہ) اداکارہ انجلینا جولی اور بریڈ پٹ نے آٹھ سالہ قانونی جنگ کے بعد اپنی طلاق کے معاملے پر سمجھوتہ کر لیا ہے۔یہ جوڑا جو 2014 میں شادی کے بندھن میں بندھا اور ان کے چھ بچے ہیں، تفریحی صنعت میں سب سے زیادہ مشہور جوڑوں میں شمار ہوتا تھا اور میڈیا نے انہیں “برانجلینا” کا لقب دیا تھا۔
بی بی سی کے مطابق انجلینا جولی نے 2016 میں “ناقابل مصالحت اختلافات” کا حوالہ دیتے ہوئے طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ بعد میں علیحدہ عدالتی کارروائیوں کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ جولی نے بریڈ پٹ پر 2016 میں ایک نجی طیارے میں اپنے دو بچوں سمیت بدسلوکی کا الزام لگایا تھا۔ پولیس تحقیقات کے باوجود بریڈ پٹ پر کوئی الزامات عائد نہیں کیے گئے اور انہوں نے ان الزامات کی تردید کی۔ بریڈ پٹ کے وکلاء نے طلاق کے معاہدے پر عوامی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
انجلینا جولی کے وکیل جیمز سائمن نے پیپل میگزین کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ انجلینا جولی اپنے خاندان کے لیے سکون تلاش کرنے پر توجہ دے رہی ہیں۔ “یہ ایک طویل عمل کا حصہ ہے جو آٹھ سال پہلے شروع ہوا تھا۔ انجلینا بہت تھک چکی ہیں لیکن خوش ہیں کہ یہ حصہ مکمل ہو گیا۔”
معاہدے کی شرائط کو عوام کے لیے ظاہر نہیں کیا گیا تاہم 2016 میں علیحدگی کے اعلان کے وقت جوڑے نے ایک مشترکہ بیان دیا تھا کہ یہ عمل نجی طور پر ہوگا، اور اس وقت سے دونوں نے اپنی ازدواجی زندگی پر زیادہ بات نہیں کی۔تاہم مختلف عدالتی مقدمات سے یہ بات واضح ہوئی کہ طلاق کا عمل کافی تلخ رہا۔ جولی نے بریڈ پٹ پر “انتقامی جنگ” چھیڑنے کا الزام لگایا جبکہ پٹ نے ان پر ان کے کاروبار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔
ایک طویل عرصے سے جاری قانونی جنگ میں دونوں ایک فرانسیسی وائن یارڈ “شیتو میراوال” پر بھی جھگڑ رہے ہیں جسے انہوں نے 2008 میں تقریباً 25 ملین یورو میں خریدا تھا۔ سنہ 2022 میں بریڈ پٹ نے جولی پر الزام لگایا کہ انہوں نے اپنی شراکت کو روسی اولیگارک یوری شیفلر کو ان کی مرضی کے بغیر فروخت کر دیا تاکہ ان کے وائن کے کاروبار کو نقصان پہنچایا جا سکے۔
سنہ 2021 میں بریڈ پٹ کو بچوں کی مشترکہ تحویل دی گئی تھی لیکن ان کی ایک بیٹی شیلا نے حال ہی میں اپنے نام سے “پٹ” کو ہٹانے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی۔ مزید دو بچے بھی مبینہ طور پر سر نیم کے طور پر “پٹ” کا نام استعمال نہیں کر رہے۔
بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کی ملاقات 2005 میں فلم مسٹر اینڈ مسز سمتھ کے سیٹ پر ہوئی۔ ان کی شادی ہالی ووڈ کی تاریخ کی سب سے زیادہ مشہور شادیوں میں شامل تھی۔ جولی کی یہ تیسری جبکہ بریڈ پٹ کی دوسری شادی تھی۔