بلوچستان میں سرکاری محکموں کو ای ٹنڈرنگ پر منتقل کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) صوبے میں سرکاری ٹھیکوں میں بدعنوانی کی روک تھام، کرپشن کی حوصلہ شکنی اور تعمیراتی اور دیگر منصوبوں میں شفافیت اور معیاری کام کو یقینی بنانے کے لیے حکومت بلوچستان نے تمام سرکاری ٹھیکوں کو ای ٹینڈر پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس اقدام سے سرکاری ٹھیکوں اور عوامی وسائل کی غلط استعمال میں خاطر خواہ کمی آئے گی،اس سلسلے میں پیر کے روز چیف سیکرٹری بلوچستان مطہرنیاز رانا کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ای ٹینڈرنگ میں فوری منتقلی کا جائزہ لیا گیا . اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو محمد علی بلوچ، سیکرٹری کلامیٹ چینج عبد الصبور کاکڑ، سیکرٹری بلڈنگ زاہد سلیم، ممبر سی ایم آئی ٹی شاہنواز اور بی پی پی آر اے کے نمائندے نے شرکت کی .

اجلاس میں ای ٹینڈرنگ پر منتقلی میں پیش رفت اور اس متعلق دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا . اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ سرکاری ٹھیکوں میں بدعنوانی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے ای ٹینڈرنگ پر منتقلی ناگزیر ہے جس سے نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی معیار میں غیر معمولی بہتری آئے گی بلکہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہونے میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کرپشن اور بدعنوانی کی وجہ سے بہت سے ترقیاتی منصوبے ادھورے اور نامکمل رہ جاتے ہیں جس سے نہ صرف عوامی وسائل کا ضیاع ہوتاہے بلکہ اس سے عوام کو مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے جس کا یہ صوبہ قطعاً متحمل نہیں ہو سکتا، انہوں نے کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی کی عفریت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بغیر ہم ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتے، چیف سیکرٹری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام سرکاری اداروں سے بدعنوانی کے خاتمے اور شفافیت کو فروغ دینے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور عوام کا اعتماد سرکاری اداروں پر مزید مستحکم کرنا ہوگا، انہوں نے ہدایت کی کہ ای ٹینڈرنگ پر منتقلی کے سلسلے میں کنٹریکٹرز کی رجسٹریشن کو آسان بنایا جائے اور اس سلسلے میں فیلسٹیشن سینٹرز قائم کیے جائے، انہوں نے کہا کہ ای ٹینڈرنگ پر منتقلی اور ٹینڈرنگ کے عمل میں مزید شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے عوام کی طرف سے تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا . . .

متعلقہ خبریں