صحت سہولیات سے متعلق اسلام آباد کو پورے ملک کیلئے ماڈل بنایا جائے : وزیراعظم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ )وزیراعظم نے صحت سہولیات سے متعلق اسلام آباد کو پورے ملک کے لئے ماڈل بنانے کی ہدایت کردی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے امور پرجائزہ اجلاس ہوا جس میں متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے وفاقی حکومت کے زیرانتظام صحت کے نظام کو جدید خطوط پراستوار کرنے اور صحت سہولیات سے متعلق اسلام آباد کو پورے ملک کے لئے ماڈل بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس و ریسرچ سینٹر کے کام کو تیز رفتاربنانے اور کمپلیکس کے لئے مشینری و آلات کی خریداری کے پری کوالیفکیشن کاعمل شروع کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پری کوالیفکیشن کے عمل کو ماہرکنسلٹنٹ کی نگرانی میں مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے تعمیراتی کام اور مشینری وآلات کی خریداری کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے۔
وزیراعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس سے منسلک یونیورسٹی کے لئے چارٹرکی منظوری کا عمل شروع کرنےکی بھی ہدایت کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت صحت کی سہولیات تک رسائی کےلئے ترجیحی بنیادوں پرکام کررہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *