دبئی (قدرت روزنامہ)ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا ۔ میچ کے بعد پی سی بی نے مین آف دی میچ آصف علی کی مزاحیہ ویڈیو بھی شیئر کردی ۔ دبئی میں کھیلے جا رہے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو باؤلنگ کی دعوت دی۔ شاہین شاہ آفریدی نے باؤلنگ کا آغاز کیا تو افغان اوپنرز نے ان کیخلاف دفاعی انداز اپنایا۔
دوسرے اوور میں عماد وسیم نے حضرت اللہ زازئی کو چلتا کردیا۔ محمد شہزاد نے شاہین کو چوکا لگایا لیکن ایک گیند بعد دوبارہ اسی کوشش میں بابر اعظم کو آسان کیچ دے بیٹھے۔ 5ویں اوور میں بابراعظم حارث رؤف کو باؤلنگ پر لائے جنہوں نے ایک مرتبہ پھر کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اصغر افغان کو اپنی ہی گیند پر کیچ کر لیا جنہوں نے 10رنز بنائے۔
حارث رؤف نے اس اوور میں 153 کلومیٹر فی گھنٹہ یا 95میل کی رفتار سے ٹورنامنٹ کی تیز ترین گیند بھی کرائی۔ حسن علی نے اپنے سپیل کی پہلی ہی گیند پر کپتان بابراعظم کی مدد سے 10 رنز بنانے والے رحمٰن اللہ گرباز کو چلتا کردیا۔چار وکٹیں گرنے کے بعد نجیب اللہ زدران اور کریم جنت نے اسکور کو 64 تک پہنچایا لیکن عماد وسیم نے اپنے کوٹے کے آخری اوور کی پہلی گیند پر کریم جنت کی وکٹ حاصل کر لی۔
5پانچ وکٹیں گرنے کے بعد کپتان محمد نبی وکٹ پر آئے اور افغانستان نے سنبھل کر بیٹنگ کرنا شروع کردی ۔نجیب اللہ زدران نے شاداب خان کو چھکا لگایا لیکن پاکستانی سپنر نے بہترین انداز میں میچ میں واپسی کرتے ہوئے اگلی ہی گیند پر انہیں وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔76 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد محمد نبی کا ساتھ دینے گلبدین نائب آئے اور دونوں بلے بازوں نے ٹیم کو سنبھالا دیتے ہوئے ساتویں وکٹ کے لیے 71رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی دلائی۔
اننگز کے 18ویں اوور میں گلبدین نائب نے حسن علی کیخلاف ایک اوور میں 21 رنز بنائے اور پھر حارث رؤف کے اگلے اوور میں 15رنز بٹورے۔افغانستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147رنز بنائے، محمد نبی نے 35 گیندوں پر 35 جبکہ گلبدین نائب نے 25 گیندوں پر 35رنز بنائے۔ پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اننگز کے تیسرے اوور میں چھکا مارنے کی کوشش میں محمد رضوان باؤنڈری پر کیچ ہو گئے۔
بابر کا ساتھ دینے فخر زمان آئے اور دونوں بلے بازوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔ فخر زمان 30 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان افغان کپتان نبی کی گیند کو سمجھنے میں ناکام رہے، انہوں نے ریویو بھی لیا لیکن وہ بھی انہیں آؤٹ ہونے سے نہیں بچا سکا۔ محمد حفیظ راشد خان کو چھکا مارنے کی کوشش میں آسان کیچ دے بیٹھے۔
بابراعظم نے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کی۔ شعیب ملک نے راشد خان کو چھکا لگا کر رن ریٹ کم کرنے کی کوشش کی لیکن بابراعظم 51 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہو گئے۔پاکستانی ٹیم ابھی اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ نوین کے اوور میں مستقل جدوجہد کرنیوالے شعیب ملک وکٹ کیپر کو کیچ دے کر چلتے بنے۔پاکستان کو آخری دو اوور میں فتح کے لیے 24 رنز درکار تھے اور اس مرحلے پر میچ قومی ٹیم کے ہاتھوں سے نکلتا ہوا محسوس ہو رہا تھا لیکن آصف علی نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو مشکل وقت میں فتح سے ہمکنار کرا دیا۔
آصف نے کریم جنت کے ایک ہی اوور میں چار چھکے لگا کر پاکستان کو ایک اوور قبل ہی میچ میں کامیابی دلا دی۔آصف علی نے 7 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ میچ کے بعد پی سی بی نے آصف علی کی ایک ویڈیو ریلیز کی جس میں اپنے چاہنے والوں مخاطب کرتے ہوئے کہتے نظر آرہے ہیں کہ ’اور کوئی خدمت میرے لائق، نام یاد رکھنا،آف علی ‘۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ مجیب، نوین اور نبی نے ایک، ایک وکٹ لی۔ اس سے قبل میچ کے لیے افغانستان اور پاکستان دونوں نے گزشتہ میچ کی فاتح الیون کو برقرار رکھا تھا۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاکستان کو نفسیاتی برتری حاصل ہے۔
پاکستان نے اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں بالترتیب بھارت اور نیوزی لینڈ جیسے مضبوط حریفوں کو شکست دی جبکہ افغانستان نے اپنے پہلے میچ میں سکاٹ لینڈ کو باآسانی زیر کیا تھا۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بابراعظم (کپتان)، فخرزمان، محمد رضوان، شعیب ملک، حارث رؤف، محمد حفیظ، شاہین شاہ، حسن علی، عماد وسیم، آصف علی، شاداب خان شامل ہیں ۔ افغانستان کی ٹیم محمد نبی (کپتان) حضرت اللہ زازئی، محمد شہزاد (وکٹ کیپر)، رحمٰن اللہ، اصغر افغان، نجیب اللہ زدران، گلبدین نائب، کریم جنت، راشد خان، نوین الحق، مجیب الرحمٰن پر مشتمل ہے۔
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان کا کہنا…
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مشیر وزیر اعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے…
اسلام اآباد(قدرت روزنامہ)امارات میں جاری ویزا ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے دبئی امیگریشن نے جیو…
ممبئی(قدرت روزنامہ)وینا ناگدا بھارت کی وہ مشہور مہندی آرٹسٹ ہیں جو اپنے خوبصورت آرٹ اور…
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان میں روزانہ غیر اخلاقی ویب سائٹس تک رسائی کی 2 کروڑ کوششوں…
لاہور(قدرت روزنامہ)بھارتی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں پاکستان…