انصاف کے بغیر قوموں کا کوئی مستقبل نہیں، گورنر بلوچستان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے کہا ہے کہ امن اور انصاف کے بغیر قوموں کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا. موجودہ دور میں بین المذہبی ہم آہنگی، یکجہتی اور انسانی حقوق کے احترام کے لئے جذبہ احساس وقت کی اہم ضرورت ہے،وزیر اعظم پاکستان عمران خان ہر سطح پر جوابدہی، انصاف اور برابری کے زریں اصولوں پر گامزن ہیں اور انہوں نے ہمیشہ صلہ رحمی، ہمدردی اور انصاف کی تلقین کی ہے، قرآن ہم سب کیلئے مکمل ضابطہ حیات ہے جس میں ہر پہلو سے انسانوں کی بہتر رہنمائی کی گئی. اسلامی تعلیمات رول آف لاء کا مکمل احاطہ کرتی ہیں جن پر گامزن ہو کر ایک مثالی اور انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے . ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس میں ہفتہ کو جسٹس ہیلپ لائن کے زیر اہتمام پا کستان میں فروغ امن کے قومی بیانیے اور رول آف لاء سے متعلق منعقدہ سیمنار سے بحیثیت مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے کیا .

گورنر بلوچستان نے کہا کہ انصاف ہماری زندگی کا اہم جزو ہے ہمیں احساس کرنا ہوگا کہ ہم جس معاشرے میں رہ رہے ہیں ہماریاردگرد بسنے والی جتنی بھی مخلوقات ہیں ان کے ہم پر اور ہمارے ان پر کیا فرائض و حقوق ہیں اور ان پر ہم کہاں تک عمل درآمد کررہے ہیں. ہمیں اپنی ذاتی خول سے نکل کر اجتماعی سوچ اپنانی ہوگی . آج معاشرے میں ہر فرد اس لئے پریشان ہے کہ ہم نے دوسروں کے احساس کا خیال نہیں رکھا احساس وشعور اللہ تعالی کی دین ہے اور ہم نے اپنی عملی زندگی میں احساس کے جذبہ کو فروغ دینا ہے ہمارے لئے حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی مشعل راہ ہے جنہوں نے دنیا کے ہر مذہب، مخلوق اور فرد کی بھلائی کا عملی درس دیا. ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی احساس و انصاف پر مبنی یہ تعلیمات رہتی دنیا تک انسانی تاریخ کا سنہرا باب ہیں. دوسروں کیلئے احساس کا جذبہ ایک ایسی عملی زندگی کا تصور ہے جس کا راستہ اور منزل کامیابی ہے . گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے جسٹس ہیلپ لائن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کو بلامعاوضہقانونی معاونت کی فراہمی، انسانی حقوق، رول آف لاء اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے اس ادارے کی شب و روز محنت کے نتائج بار آور ثابت ہونگے. سیمینار میں سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی، جسٹس ہیلپ لائن کے صدر ندیم شیخ، سید اسرار علی، راو ناصر علی، جہانگیر خان، چئیرمین قومی بین المذاہب کونسل پاکستان حارث آمین بھٹی اور فاطمہ خان نے بھی خطاب کیا. آخر میں گورنر بلوچستان نے شرکاء اور منتظمین میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیے . . .

متعلقہ خبریں