چاہنے والے نے ویلنٹائن ڈے پر جیکولین فرنینڈس کو پرائیویٹ جیٹ تحفے میں دے دیا

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) جیل میں قید مبینہ جعلساز سکیش چندر شیکھر نے بالی وڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو ویلنٹائن ڈے کے موقع پر نہ صرف ایک رومانوی خط بھیجا بلکہ پرائیویٹ جیٹ بھی تحفے میں دیا ہے۔ وہ 200 کروڑ روپے کے بھتہ خوری کیس میں جیل میں قید ہیں۔
نیوز 18 کے مطابق سکیش چندر شیکھر نے جیکولین کو ایک خط بھیجا جس میں انہوں نے ذکر کیا کہ وہ انہیں ایک پرائیویٹ جیٹ گفٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جیٹ پر جیکولین کے نام کے ابتدائی حروف کندہ ہیں جبکہ اس کا رجسٹریشن نمبر ان کی تاریخِ پیدائش سے منسوب ہے۔ سکیش کے خط میں لکھا تھا “بے بی، تم ہمیشہ اپنے کام اور شوٹنگ کے لیے دنیا بھر میں سفر کرتی رہتی ہو، اب اس جیٹ کے ساتھ تمہارا سفر زیادہ آسان اور آرام دہ ہوگا۔”
واضح رہے کہ سکیش چندر شیکھر اس وقت دہلی کی منڈولی جیل میں قید ہیں اور 200 کروڑ روپے کے بھتہ خوری کیس میں مرکزی ملزم ہیں۔ ماضی میں ان کے جیکولین کے ساتھ تعلقات کے چرچے رہے ہیں تاہم اداکارہ نے بارہا کسی بھی قسم کے رومانوی تعلق کی تردید کی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جیکولین سے اس کیس میں متعدد بار تفتیش کی ہے اور انہیں اس کیس میں ملزمہ بھی نامزد کیا گیا ہے۔