سعودی عرب سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے حوالے سے اہم خبر

ریاض (قدرت روزنامہ) سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ فوری طور پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی تاہم آئندہ چند برسوں میں عوامی مالیات میں بہتری کی صورت میں واٹ میں کمی پر غور کیا جا سکتا ہے . عرب نیوز کے مطابق اٹلی کے شہر روم میں جی 20 کے اجلاس کے موقع پر اخبار اشرق سے گفتگو میں وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا اصل مقصد ملکی معیشت پر کورونا وبا کے باعث پڑنے والے منفی اثرات سے نمٹنا ہے ، اس سال کے آخر میں سعودی عرب کے عام بجٹ میں خسارے کا خطرہ ہے ، اس لیے حالیہ دنوں میں واٹ میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں کی جائے گی کیوں کہ آمدنی میں اضافے کے باوجود ہمارا ملکی اخراجات پر کنٹرول برقرار رکھنے کا رجحان ہے ، جس کے لیے ہم موثر طریقے سے کام جاری رکھنا چاہتے ہیں تاہم مستقبل میں افراط زر کو پورا کرنے کے لیے اخراجات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے .

الجدعان نے جی 20 کی جانب سے پیش کیے گئے بڑی کمپنیوں پر ٹیکسوں کی منظوری کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کمپنیوں کا سعودی عرب کی جانب دلچسپی میں اضافہ ہوگا اوریکساں ٹیکس مراعات حاصل ہوں گی ، خام ایندھن میں سرمایہ کاری عالمی معیشت کے لیے بہت اہم اور ضروری ہے . انہوں نے مزید کہا کہ اصل چیلنج تیل کا نہیں بلکہ گیس کا ہے اور اس کی سرمایہ کاری میں کسی بھی طرح کی ناکامی توانائی کے بڑے بحران کا سبب بن سکتی ہے ، سعودی عرب توانائی اور ایندھن کے حوالے سے بااثر ملک ہے اور ہمارا مقصد طلب اور رسد کے درمیان توازن برقرار رکھنا اور عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے . . .

متعلقہ خبریں