امام الحق نے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کی وجہ قومی ٹیم میں ”کپتانی“ کے جھگڑے کو قرار دیدیا

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیم کے اوپنر فخر زمان کی جگہ پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے والے اوپننگ بلے باز امام الحق نے چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قومی ٹیم کے باہر ہونے کی وجہ قومی ٹیم میں ”کپتانی“ کو لے کر جھگڑے کو قرار دیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں انکشاف کیا ہے کہ الٹرا ایج کے ساتھ پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے میزبان نے اوپنر امام الحق سے سوال کیا کہ ٹیم کا کپتان کون ہے؟جس پر امام الحق ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ٹیم میں کپتانی کو لیکر جھگڑا چل رہا ہے، سب ایک دوسرے سے لڑرہے ہیں۔

بعدازاں امام الحق نے بطور لیڈر محمد رضوان کا انتخاب کیا اور کہا کہ وہ ٹیم کے لیے ہوٹلز کا انتظام کرتے ہیں اور تمام کھلاڑیوں کو نماز کے لیے جمع کرتے ہیں، اس کے لیے انہوں نے واٹس ایپ گروپ تک بنارکھا ہے۔

اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ چیمپئینز ٹرافی سے قبل محمد رضوان اور ہیڈکوچ عاقب جاوید کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں تھا، دونوں نے ایک دوسرے کے فیصلوں کے برخلاف حکمت عملی بنائی۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ چیمپئینز ٹرافی سکواڈ کے لیے محمد رضوان اہم فیصلوں میں مشاورت نہ ہونے پر نالاں تھے، انہوں نے خوشدل شاہ کو شامل کروایا تو عاقب جاوید نے اپنی مرضی سے فہیم اشرف کا انتخاب کرلیا۔

ایونٹ کے آغاز سے قبل سلیکٹرز اور محمد رضوان بھی ایک پیج پر نہیں تھے جبکہ ایونٹ سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے 2 بار سکواڈ پر نظرثانی کا کہا مگر ان کے مشورے کو نظرانداز کردیا گیا، چیئرمین نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ازخود تبدیلی کرنا مناسب نہ سمجھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *