بہن کی رخصتی کے وقت بھائی کی موت ہوگئی

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے بندیل کھنڈ میں ایک افسوسناک حادثے نے خوشیوں بھرے شادی کے موقع کو غم میں بدل دیا۔ دلہن کے 25 سالہ بھائی کی شادی کے دوران اس وقت موت واقع ہو گئی جب وہ خیمہ اکھاڑتے ہوئے ایک ہائی ٹینشن بجلی کی تار کے رابطے میں آ گیا۔ اس حادثے نے پورے خاندان کو سوگ میں مبتلا کر دیا۔ یہ واقعہ مدھیہ پردیش اور اتر پردیش کی سرحد پر واقع مہوبا ضلع کے مدھارا گاؤں میں پیش آیا۔ متاثرہ نوجوان کو فوری طور پر ضلع ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
نیوز 18 کے مطابق نوجوان کے والد نتھو وشو کرما نے بتایا کہ ان کی بیٹی کی شادی تھی اور رخصتی کی تیاریاں کی جا رہی تھیں کہ یہ حادثہ ہو گیا۔ ان کا بیٹا خیمہ ہٹاتے ہوئے غلطی سے 11 ہزار وولٹ کی ہائی ٹینشن بجلی کی تار کو چھو بیٹھا۔ کرنٹ لگتے ہی وہ موقع پر بے ہوش ہو گیا۔ اہل خانہ نے فوراً اسے مہوبا ضلع ہسپتال پہنچایا مگر وہ علاج کے دوران دم توڑ گیا۔ اس دردناک حادثے نے شادی کی تقریب کو ماتم میں بدل دیا، اور دلہن سمیت تمام اہل خانہ شدید صدمے میں مبتلا ہو گئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *