کس کی کس سے ڈیل ہوئی پتہ نہیں لیکن یہ جانتا ہوں عمران خان پانچ سال پورے کریں گے

لاہور(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کے دوران کالعدم ٹی ایل پی سے متعلق بات کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ کس کی کس سے ڈیل ہوئی ، اس حوالے سے مجھے علم نہیں ہے البتہ یہ کہہ سکتا ہوں کہ عمران خان اپنی حکومت کے پانچ سال مکمل کریں گے . لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ساری اپوزیشن باہر ہے، کوئی زیر حراست ہے نہ کسی پر فورتھ شیڈول ہے، سعد رضوی سے بات چیت میں معاملہ پارلیمنٹ میں لانے کی بات کی .

انہوں نے کہا کہ کس کی کس سے ڈیل ہوئی پتہ نہیں لیکن یہ جانتا ہوں عمران خان پانچ سال پورے کریں گے . شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مجھ سے سعد رضوی کی بات چیت فرانس کے مسئلے پر ہوئی تھی، تحریک لبیک سے معاملات 2 وزرا دیکھ رہے ہیں . ٹی ایل پی کیساتھ جس معاہدے پر دستخط کیے اس پر قائم ہوں . موجودہ حکومت سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسٹیبلمشنٹ سے کس کے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں اس کا مجھے علم نہیں ہے . انہوں نے اپنی پچھلی وزارت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے موج کی وزارت تھی جب تک ٹرین نہ گرے تب تک کوئی نہیں پوچھتا ، وزارتیں آنی جانی چیز ہیں، چالیس سال سے وزیر ہوں اور یہ میری پندرہویں وزارت ہے . انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا، عمران خان پانچ سال پورے کریں گے . ریسکیو 1122 کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ یہ سروس شاندار ہے، سپریم کورٹ میں پانامہ معاملے پر کیس لڑ رہا تھا تو یہ کہا تھا کہ یہ قطری خط نہیں ریسکیو 1122 ہے، ایک اسلام آباد بڑے بڑے لوگوں کا ہے اور دوسرا وہ اسلام آباد ہے جہاں غریب لوگ پلتے ہیں . اسلام آباد میں بلند و بالا عمارتیں تعمیر ہورہی ہیں، کثیر المنزلہ عمارتوں میں آگ بجھانے کے لیے ٹیم کا ہونا ضروری ہے . انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بھی ریسکیو 1122 سروسز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اسلام آباد کے لیے 20 نئی گاڑیاں ریسکیو 1122 کو دیں گے، ریسکیو 1122 کے ساتھ اسلام آباد کے لیے ایم او یو پر دستخط کرنے جا رہے ہیں، اسلام آباد میں 1122 ریسکیو سروس جلد شروع کی جائے گی، ریسکیو سروس نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے، 1122 نے ہنگامی صورتحال میں ہمیشہ بہترین کام کیا ہے . اصل دین انسانیت کی خدمت اور انسانوں کی جان بچانا ہے . خیال رہے کہ گذشتہ روز وفاقی حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ریسکیو 1122 سروسز شروع کرنے کا اعلان کیا تھا . وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وفاقی دارالحکومت میں ریسکیو 1122 کی سروسز شروع کرنے کا اعلان اسلام آباد فائر بریگیڈ سروس کے دورے کے دوران کیا . . .

متعلقہ خبریں