ڈکیتی کے دوران خاتون ٹیچر پر تشدد کرنے والے ڈاکو گرفتار

کراچی(قدرت روزنامہ) شہرقائد کے علاقے گلشن اقبال میں لوٹ مار کی واردات کے دوران خاتون ٹیچرسلمی رضا کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ڈاکوئوں کو پولیس نے گرفتار کرلیاہے . تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں گھر کی دہلیز پر خاتون کے گلے سے سونے کا لاکٹ اتارنے اور خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے والے سفاک ڈاکوئوں کو ملیر پولیس نے گرفتار کرلیا ہے .

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ گزشتہ شب دو ڈاکو شاہ لطیف ٹائون میں شہری سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ ان کا پولیس سے سامنا ہوگیا، پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی، اور جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو زخمی ہوگیا، کارروائی میں دونوں ڈاکوئوں کو گرفتار کرلیا گیاہے . ایس ایس پی ملیر کے مطابق گرفتار ہونے والے ڈاکوئوں سے تفتیش کی گئی تو انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزمان نے 28 اکتوبر کو گلشن اقبال میں لوٹ مار کی واردات کے دوران خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا، ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے بھی شناخت کرلیا گیا ہے، دونوں ملزمان وزرث اور افضل سے مزید وارداتوں کے متعلق بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، جب کہ ان کی گرفتاری کے حوالے سے شہر کے دیگر تھانوں کو بھی آگاہ کردیا ہے . ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس ضابطے کی کارروائی عمل میں لا رہی ہے، گرفتار ملزمان سے پوچھ گچھ جاری ہے، ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ فارنزک کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے . ملزمان وارث اور افضل کے قبضے سے اسلحہ، چھینا گیا موبائل فون، 5 ہزار روپے کیش اور چوری کی موٹر سائیکل بھی ملی ہے . واضح رہے کہ 28 اکتوبر کو گلشن اقبال بلاک 13 ڈی ون میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے گھر کی دہلیز پر خاتون کو لوٹا اور مزاحمت پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا، واقعے کی سی سی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی، جس میں میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون اپنے گھر داخل ہونے کے لئے دہلیز پر کھڑی ہی ہوئی تو عقب سے آنے والے ڈاکو نے خاتون کی گردن پر ہاتھ رکھا اور چین چھیننے کی کوشش کی، تاہم خاتون نے تھوڑی مزاحمت کی تو ڈاکو نے خاتون کے منہ پر مکے مارے، اور خاتون کے گلے سے چین اتارنے کی کوشش کے دوران منہ پر تھپڑ بھی مارے، اور چین چھین کر اپنے ساتھی کی موٹر سائیکل پر بیٹھ کر باآسانی فرار ہوگئے . گلشنِ اقبال پولیس نے واقعے کا مقدمہ نمبر 1295/2021 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا تھا . گرفتار ملزمان انتہائی سفاکی سے مزاحمت کرنے والے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور گولی مار دینے سے دریغ نہیں کرتے تھے . . .

متعلقہ خبریں