سوتیلے باپ کے تشدد کا شکار بالی ووڈ کا وہ نامور اداکار جو مسجد کے باہر بھیک مانگنے پر مجبور تھا

دبئی (قدرت روزنامہ )بالی ووڈ انڈسٹری میں جہاں بہت سے اداکار مڈل کلاس گھرانوں سے آکر نام کماچکے وہیں ایک لیجنڈ اداکار ایسا بھی تھا جو کسی دور میں مالی تنگی کے باعث مسجد کے باہر بھیک مانگنے پر مجبور ہوگیا تھا۔
نجی ٹی وی” جیو نیوز” کے مطابق ہم بات کررہے ہیں بالی ووڈ کے نامور اداکار قادر خان کی جو دنیا سے رخصت ہوگئے لیکن آج بھی اپنے مداحوں کی یادوں میں زندہ ہیں۔ نامور اداکار قادر خان نے اپنے کیریئر کا آغاز 1973 میں کیا، اس دوران انہوں نے بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلمیں” ہمت والا، قلی نمبر 1، آنکھ اور “راجہ بابو” سمیت متعدد فلموں میں کام کیا جبکہ اپنے کیریئر کے دوران بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن ، سلمان خان اور گووندا سمیت کئی بڑے سٹارز کے ساتھ سکرین شیئر کی۔
قادر خان کی پیدائش اور حالات زندگی :بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق قادر خان 22 اکتوبر 1937 کو افغانستان میں پیدا ہوئے، ان کے والد کا تعلق قندھار سے اور والدہ اقبال بیگم برطانوی ہندوستان سے تھیں، قادر خان کا خاندان مالی تنگی کا سامنا کرنے کے بعد بہتر زندگی کی تلاش میں ممبئی منتقل ہوگیا تھا۔
مالی تنگی کے باعث قادر خان کے والدین میں علیٰحدگی ہوگئی تھی جس کے بعد قادر خان کی والدہ کی زبردستی دوسری شادی کروادی گئی اور یہیں سے قادر خان کی مشکل زندگی کا آغاز ہوا۔
مالی مسائل :ماضی میں دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران مرحوم اداکار قادر خان نے اپنے خاندان کو درپیش مالی مسائل کا اعتراف کیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق قادر خان کے سوتیلے والد ان پر تشدد کیا کرتے تھے حتیٰ کہ انہیں پیسے کمانے کے لیے اکثر 10 کلومیٹر پیدل چلنے پر مجبور کیا جاتا تھا، والد کے تشدد کا شکار یہ لڑکا مسجد کے آگے بھیک مانگنے پر بھی مجبور تھا۔کئی میڈیا رپورٹس دعویٰ کرتی ہیں کہ قادر خان کا خاندان ہر 3 دن میں صرف ایک بار کھانا کھا سکتا تھا اور باقی دن بھوکے گزارتے تھے۔
قادر خان کی والدہ نے انہیں اپنی تعلیم جاری رکھنے اور زندگی میں ایک بڑ اآدمی بننے کی طرف مائل کیا، قادر خان تعلیم حاصل کرنے کے بعد سول انجینئر بن گئے، انہوں نے بائیکلہ کے ایم ایچ صابو صدیق کالج آف انجینئرنگ میں بطور سول انجینئر بھی پڑھایا۔
بتایا جاتا ہے کہ قادر خان ہمیشہ سے تھیٹر میں دلچسپی رکھتے تھے، ایک ڈرامے میں قادر خان کی پرفارمنس سے متاثر ہوکر اداکار دلیپ کمار نے انہیں اپنی اگلی فلم’ سگینہ اور بیراگ” کے لیے سائن کر لیا اور یہیں سے قادر خان کا بالی ووڈ میں کامیڈین کے کیریئر کا آغاز ہوا۔قادر خان نے اپنے فلمی کیریئر میں مجموعی طور پر 400 فلموں میں کام کیا جبکہ ان کی آخری بڑی فلم’محبوبہ‘ 2019 میں ریلیز ہوئی تھی۔