وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد کی ملاقات

لاہور (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سرمایہ کاروں کے تحفظ اور سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے کیلئے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کی تجاویز کو نوٹ کیا اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے یقین دلایا کہ پاکستان ہر طرح کی سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ملک ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے انویسٹرز کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت نے سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے تمام تر اقدامات کئے ہیں۔ بعض شرپسندوں کے حملوں کا سخت نوٹس لیا ہے اور ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے حکمت عملی وضع کر لی ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ ہمارا دین اسلام امن و آشتی کا درس دیتا ہے، سرمایہ کاروں کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت نبھائیں گے۔
وفد نے مسائل کے حل کیلئے یقین دہانی پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔