اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور وزیر اعظم کاجنوبی ایشیا ءکی حالیہ صورتحال پر ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد ( قدرت روزنامہ )اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جنوبی ایشیا ءکی حالیہ صورتحال پر ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے۔

“جنگ ” کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے ٹیلیفونک رابطے میں عالمی ادارے کے سربراہ سے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، پاکستان پر بھارتی الزامات بے بنیاد ہیں۔پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں اپنی سالمیت کا دفاع کریں گے، سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی غیر ذمہ دارانہ اقدامات ناقابل قبول ہیں۔ سندھ طاس کا پانی 24 کروڑ لوگوں کی لائف لائن ہے، یو این سیکرٹری جنرل بھارت کو ذمہ داری اور تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کا حل طلب مسئلہ جنوبی ایشیاء میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے، سیکریٹری جنرل مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے کردار ادا کریں۔

سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے عالمی اور سلامتی کے فروغ کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے جنوبی ایشیاء میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ دنیا اس اہم وقت میں خطے میں کسی قسم کی کشیدگی کی متحمل نہیں ہو سکتی۔