پی ایس ایل: یکم مئی کے میچز سے متعلق اہم اعلان، انتظامات اور ہدایات

لاہور (قدرت روزنامہ )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں شائقین کےلئے اہم معلومات شیئر کردی گئیں۔
روز نامہ جنگ نے اعلامیے کے حوالے سے بتایا کہ شائقین کرکٹ یکم مئی کو شام کے میچ کےلئے پہلے خریدے گئے اسی ٹکٹ کے ساتھ ڈبل ہیڈر سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ٹورنامنٹ کا 20واں میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا جبکہ اگلا میچ رات 8 بجے لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے یکم مئی کو شائقین کی سہولت کےلئے درج ذیل انتظامات کئے ہیں۔
شائقین کو دھوپ سے بچنے کےلئے سٹیڈیم میں چھتریاں لانے کی اجازت ہوگی جبکہ تمام انکلوژر میں واٹر کولرز دستیاب ہوں گے تاکہ شائقین کرکٹ میچ کے دوران تازہ دم رہ سکیں۔
اعلامیے میں شائقین سے کہا گیا کہ وہ براہ راست سورج کی روشنی سے تحفظ کے لئے ہیٹ اورکیپ لے کر آئیں جبکہ شائقین کو ٹھنڈا اور ہائیڈریٹڈ رہنے میں مدد کےلئے لیمونیڈ کے خصوصی سٹال دستیاب ہوں گے۔
میچ کے دن صحت و تندرستی اور تحفظ کےلئے پی سی بی نے شائقین کرکٹ کے لئے میڈیکل ایڈوائزری بھی جاری کی ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا کہ باقاعدگی سے کافی مقدار میں پانی پئیں، چاہئے کہ آپ کو پیاس نہ لگے، اپنی جلد کو سورج کی تپش سے بچانے کےلئے SPF 30 یا اس سے زیادہ کے ساتھ وسیع سپیکٹرم سن سکرین لگائیں۔
ہدایات میں کہا گیا کہ ہلکے رنگ کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں جو سانس لینے کے قابل مٹیریل جیسے کاٹن یا لینن سے بنے ہوں، اپنے سر اور چہرے کو دھوپ سے بچانے کے لئے ٹوپیاں پہنیں۔