کیا واقعی ناشتے کے سیریلز صحت کے لیے اچھے ہیں؟

لندن (قدرت روزنامہ) ناشتے کے سیریلز کو عام طور پر صحت بخش خوراک سمجھا جاتا ہے، لیکن کچھ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ الٹرا پروسیسڈ فوڈ ہیں جو صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق سیریلز میں فائبر، وٹامنز اور منرلز پائے جاتے ہیں، خاص طور پر جو سیریلز فورٹیفائیڈ ہوں، وہ غذائی کمی پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر، آئرن، وٹامن بی 12 اور کیلشیم جیسے اجزا ان سیریلز میں شامل کیے جاتے ہیں، جو خاص طور پر بچوں، حاملہ خواتین اور بزرگوں کے لیے مفید ہو سکتے ہیں۔

لیکن مسئلہ یہ ہے کہ بہت سے سیریلز میں چینی، نمک اور غیر صحت بخش چکنائی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر چینی والے کارن فلیکس کے ایک سرونگ میں 11 گرام چینی ہو سکتی ہے جو روزانہ کی تجویز کردہ مقدار کا 12 فیصد ہے۔ زیادہ چینی والے سیریلز خون میں شوگر کی سطح بڑھا سکتے ہیں جس سے ذیابیطس اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

کچھ سیریلز الٹرا پروسیسڈ ہوتے ہیں، جن میں مصنوعی رنگ اور ذائقے شامل ہوتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کے طویل مدتی اثرات پر ابھی مکمل تحقیق نہیں ہوئی ہے۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ سیریلز خریدنے سے پہلے ان کے غذائی اجزا چیک کریں۔ کم چینی (5 گرام سے کم فی سرونگ) اور زیادہ فائبر (3 گرام سے زیادہ فی سرونگ) والے سیریلز کو ترجیح دیں۔ اس کے علاوہ، سیریلز میں خشک میوہ جات، بیج یا دہی شامل کر کے اسے زیادہ متوازن اور صحت بخش بنایا جا سکتا ہے۔