غیرملکیوں کے لیے شارجہ میں کرائے پر گھر حاصل کرنا مشکل ہوگیا

شارجہ (قدرت روزنامہ) غیرملکیوں کے لیے شارجہ میں کرائے پر گھر حاصل کرنا مشکل ہوگیا ، شارجہ کے حکمران کی ہدایت کی بنیاد پر الدھید میونسپلٹی نے تصدیق کی ہے کہ رہائشی محلوں میں غیر شہریوں کو مکانات کرائے پر دینا سختی سے ممنوع ہے . خلیج ٹائمز کے مطابق سپریم کونسل کے رکن ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی کے فیصلے کا مقصد شہریوں کی رازداری کے ساتھ ساتھ ان کے رسم و رواج اور روایات کا تحفظ کرنا ہے ، انہوں نے یہ ہدایت شہر کے لوگوں سے متعدد مواقع پر ملاقات کے بعد جاری کی .

الدھید میونسپلٹی کے ڈائریکٹر علی مصعب التونائیجی نے کہا کہ شہر کے تمام 8 رہائشی محلوں میں غیر شہریوں کے مکان کرائے پر لینے پر پابندی ہے ، میونسپلٹی کونسلز، مضافات اور گاؤں کی کونسلیں اس اصول کو نافذ کرنے کی ذمہ دار ہیں ، اگر ان علاقوں میں رہنے والے کسی غیر ملکی کے بارے میں شکایت موصول ہوتی ہے تو میونسپلٹی مالک کو شیخ سلطان کی ہدایات کے بارے میں مطلع کرے گی ، التونائیجی نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ شہر میں رینٹل ہاؤسنگ قائم کرنے کے لیے ایک اسکیم شروع کریں ، شیخ سلطان یا شارجہ کے نائب حکمران شیخ سلطان بن احمد القاسمی کے احکامات قوانین، ضوابط اور سرکلر سے بڑے ہیں، خاص طور پر جب یہ خاندانی اور سماجی ہم آہنگی اور قومی شناخت کے تحفظ سے متعلق ہو . یہاں یہ بھی یاد رہے کہ شارجہ میں گزشتہ سال حکومتی اداروں کی جانب سے فیملیز کے لیے مخصوص رہائشی علاقوں سے غیر ملکی کنواروں کو نکالنے کے آپریشن شروع کیا گیا تھا ، یہ سلسلہ تب شروع ہوا جب ایک خاتون نے ریڈیو پروگرا م کے دوران شارجہ کے فرمانروا ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی سے درخواست کی تھی کہ ان کے رہائشی علاقے اور بلڈنگ میں غیر ملکی کنوارے موجود ہیں جو آنے جانے والی خواتین کو غلط نظروں سے دیکھتے ہیں ، ان کنواروں کو فیملیز کے رہائشی علاقوں سے بے دخل کیا جائے . شارجہ کے فرمانروا نے اس شکایت کا فوری نوٹس لینے کے بعد ریاست کے اداروں کو فوری طور پر کنوارے غیر ملکیوں کو بے دخل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے ، پچھلے سال شروع ہونے والی یہ انسپکشن مہم ابھی تک جاری ہے . . .

متعلقہ خبریں