پاک بھارت کشیدہ صورتحال، پی ایس ایل کے باقی تمام میچز ملتوی ، پی سی بی کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 10 کے باقی آٹھ میچز ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اعلان حالیہ 24 گھنٹوں کے دوران لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر کشیدہ صورتحال، بھارتی ڈرونز کی 78 دراندازیاں اور زمین سے زمین پر مار کرنے والے بھارتی میزائل حملوں کے پیش نظر کیا گیا۔

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا، جنہوں نے بھارت کی بے جا جارحیت کے تناظر میں قوم کی توجہ اور جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اس فیصلے کی سفارش کی۔پاکستان کی بہادر افواج جس جرات سے ملکی خودمختاری کا دفاع کر رہی ہیں، اس نازک وقت میں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ایسے میں کرکٹ جیسا تفریحی کھیل وقتی طور پر رک جانا ہی موزوں ہے۔پی سی بی نے پی ایس ایل کے تمام فرنچائزز، کھلاڑیوں، براڈکاسٹرز، اسپانسرز اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اب تک کے میچز کو کامیابی سے ممکن بنایا۔پی سی بی کا کہنا تھا کرکٹ جو ہمیشہ قوم کو متحد کرتی ہے، اس وقت ایک باوقار وقفے کی متقاضی ہے۔ ہم اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ کے تحفظات کا بھی احترام کرتے ہیں اور ان کی ذہنی آسودگی کو مقدم رکھتے ہیں۔پی سی بی نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عزم دہرایا کہ قوم کا ہر طبقہ، میدانِ جنگ میں مصروف محافظوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔